Live Updates

عمران خان کی کال پرملک بھرمیں پی ٹی آئی کارکنوں نے احتجاجی مظاہرے کیے

پولیس اور پی ٹی آئی کارکنوں کے درمیان متعددمقامات پرجھڑپیں،کنٹینرکو آگ لگادی،پولیس کی گرفتاریاں،کارکنوں کا پتھراؤ،پولیس کی جانب سے آنسوگیس کی شیلنگ کی گئی،نوازشریف بزدل ہیں،حکومت2نومبرکوعوامی سیلاب نہیں روک سکے گی،عمران خان۔۔قوم نے عمران کی کال مستردکردی،ریاست کی رٹ کو ہرصورت میں قائم رکھیں گے۔ترجمان پنجاب حکومت

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 28 اکتوبر 2016 19:32

اسلا آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔28اکتوبر2016ء) :تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی کال پر آج ملک بھرمیں پی ٹی آئی کے کارکنوں نے احتجاجی مظاہرے کیے،جس کے دوران پولیس اور پی ٹی آئی کارکنوں کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ بھی جاری رہا،پولیس نے کئی مقامات پرکارکنوں کو گرفتار کرنے کوشش کی جس کے نتیجہ میں کارکنوں نے پولیس پر پتھراؤ کیا جبکہ پولیس پی ٹی آئی کے احتجاجی شرکاء کو منتشرکونے کیلئے آنسوگیس کی شیلنگ کرتی رہی۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آبادمیں کل پی ٹی آئی کا یوتھ کنونشن ہورہاتھا کہ پولیس نے دفعہ 144کی خلاف ورزی پر کنونشن پر دھاوابول دیا اور گرفتاریاں بھی کیں۔جس پر عمران خان نے کارکنوں کوآج ملک بھر میں احتجاج کرنے کی کال دی۔تحریک انصاف کے کارکنوں کے احتجاج کے باعث اسلام آباد پولیس اور پی ٹی آئی کارکنوں کے درمیان آج سارا دن جھڑپوں،پکڑدھکڑ،پتھراؤاور آنسوگیس کا سلسلہ جاری رہا۔

(جاری ہے)

پولیس نے پی ٹی آئی شیخ رشید کو پکڑنے کیلئے لال حویلی کا بھی محاصرہ کیے رکھا لیکن شیخ رشید پولیس کو چکما دے کرموٹرسائیکل پر کمیٹی چوک پہنچ گئے اور میڈیا کی ڈی ایس این جی پر چڑھ کرمیڈیا سے گفتگو کی۔پولیس نے شیخ رشید کا جلسہ روکنے کیلئے پورا علاقہ سیل کیے رکھا۔اور جلسہ کے تمام انتظامات بھی ختم کردیے گئے۔پولیس نے عمران خان کی رہائشگاہ بنی گالا کے باہر سے 21کارکنوں کو گرفتارکیا۔

گلوکارسلمان احمدکو گرفتار کیاتو آئی جی کے حکم پر انہیں رہاکردیاگیا۔ذرائع لال حویلی کا کہنا ہے کہ شیخ رشید کے بھائی حارث شیخ کو بھی گرفتار کرلیاہے۔تحریک انصاف کے مشتعل کارکنوں نے کمیٹی چوک راولپنڈی میں ایک کھڑے ہوئے کنٹینرکے ٹائروں کو آگ لگا۔جس پر پولیس نے مشتعل کارکنوں پر آنسوگیس کی شیلنگ کی اور کنٹینرکے ٹائروں کو لگی ہوئی آگ کو بجھایا۔

عمران خان کی کال پر ملک گیر احتجاج کے نتیجہ میں پی ٹی آئی کارکنوں نے گورنرہاؤس سندھ کے سامنے دھرنابھی دیا۔شرکاء نے کہا کہ گورنرسندھ وفاق کے نمائندے ہیں۔کارکنوں کی رہائی کیلئے گورنرسندھ کو یاداشت پیش کی ۔تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اپنی رہائشگاہ بنی گالہ سے باہرکثیرتعداد میں جمع کارکنوں کو حوصلہ دیا اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کارکنوں کو حکومت کیخلاف احتجاج کر پر خراج تحسین بھی پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت 2نومبرکوعوامی سیلاب نہیں روک سکے گی۔عمران خان نے کہا کہ نوازشریف تم بڑے بزدل ہو،لیکن سن لوجب تک زندہ ہوںآ پکا پیچھا نہیں چھوڑوں گا،نوازشریف اب بچے گا نہیں کیونکہ نوازشریف نے جانا ہی ہے،عدلیہ کو کہناچاہتا ہوں کہ آپ کا بھی ٹرائل ہے، کونسا قانون توڑا کہ مجھے گھرمیں نظربندکیاگیا۔نوازشریف کو کوہاٹ میں جلسہ کرنے سے نہیں روکا ہمیں کیوں روکا جارہاہے۔

کہ نوازشریف کی حکومت سے سوال پوچھتا ہوں کہ کیا یہ جمہوریت ہے یا بادشاہت ہے؟انہوں نے کہا کہ نوازشریف تم بڑے بزدل ہو،لیکن سن لوجب تک میں زندہ ہوں اورجب تک آپ کا احتساب نہیں ہوگا ،میںآ پکا پیچھا نہیں چھوڑوں گا۔ہمارا احتجاج 2نومبرکو ہونا ہے جس کی ہم تیاری کررہے ہیں۔ترجمان پنجاب حکومت زعیم قادری نے لاہورمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ قوم نے پاکستان کو بندکرنے والوں کو سبق سکھایا۔ہم ریاست کی رٹ کو ہرصورت میں قائم رکھیں گے،قوم نے عمران خان کی کال کو مستردکردیا،راولپنڈی کا چوہا خودکو بڑا لیڈرکہتاہے۔اپنی حویلی سے رات 12بجے غائب ہوگیا۔انہوں نے کہا کہ کل تک 10لاکھ کارکنوں کا دعویٰ کرنے والا چوہا آج اپنے چندکارکنوں کو تنہاچھوڑکرروپوش ہوگیا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات