دیوالی کا تہوار اندھیرے پر روشنی کی فتح ہے٬ دیوالی کے موقع پر سندھ کے ہندو اکثریتی اضلاع میں لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی

ڈاکٹر رمیش کمار ونکوانی کی یقین دہانی‘ پاکستان کی سلامتی کیلئے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کرنے کی اپیل

جمعہ 28 اکتوبر 2016 18:23

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 اکتوبر2016ء) پاکستان ہندو کونسل کے سرپرست اعلیٰ اور مسلم لیگ (ن) کے ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار ونکوانی نے وفاقی حکومت کی جانب سے یقین دہانی کروائی ہے کہ دیوالی کے موقع پر سندھ کے ہندو اکثریتی اضلاع بشمول تھرپارکر٬ ٹھٹھہ اور بدین میں لوڈشیڈنگ بالکل نہیں کی ہوگی جبکہ باقی علاقوں میں بھی رعایت دی جائے گی٬ جمعہ کومقامی ہندو وفد سے ملاقات کے دوران تبادلہ خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر رمیش ونکوانی نے کہا کہ دیوالی کا تہواربلاشبہ اندھیرے پر روشنی کی٬ برائی پر اچھائی کی اور مایوسی پر امید کی فتح کی علامت ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت بجلی کے بحران پر قابو پانے کیلئے انتھک کوششوں میں مصروفِ عمل ہے اور 2018؁ء تک ملک سے لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ کردیا جائے گا۔ ڈاکٹر رمیش ونکوانی نے ہندوکمیونٹی سے دیوالی کے تہوار پر پاکستان بھر میں امن قائم رہنے اور ملک کی سلامتی کیلئے بھی خصوصی دعاؤں کااہتمام کرنے کی اپیل بھی کی٬ پاکستانی ہندو دیوالی کا تہوار 30اکتوبر بروز اتوار کوبھرپور جوش و خروش سے منائیں گے۔