سیاستدانوں کے باہمی لڑائی جھگڑوں سے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو نقصان پہنچ رہا ہے٬حافظ سعید

بیرونی قوتیں منظم منصوبہ بندی کے تحت ملک میں انتشار پھیلانے کی سازشیں کر رہی ہیں حکمران اسلامی شریعت پر عمل پیراہوں لڑائی جھگڑے ختم ہوجائیں گے مسئلہ کشمیر کے حل کا یہ شاندار وقت ہے٬ سیاسی وعسکری قیادت متحد ہو کر آزادی کشمیر کیلئے فیصلہ کن کردار ادا کرے۔٬کوئٹہ دہشت گردی میں بھارتی خفیہ ایجنسیاں ملوث ہیں٬اجتماع سے خطاب

جمعہ 28 اکتوبر 2016 17:47

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اکتوبر2016ء) امیر جماعةالدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ سیاستدانوں کے باہمی لڑائی جھگڑوں سے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ بیرونی قوتیں منظم منصوبہ بندی کے تحت ملک میں انتشار پھیلانے کی سازشیں کر رہی ہیں۔ اسلام آباد کی سڑکوں پر جو کچھ ہو رہا ہے سب نفاق کا نتیجہ ہے۔

حکمران اسلامی شریعت پر عمل پیراہوں لڑائی جھگڑے ختم ہوجائیں گے۔ بیرونی خطرات سے نمٹنے کیلئے وہی طریقہ اختیار کرنے کی ضرورت ہے جو نبی اکرم ﷺ نے مدینہ کے دفاع کیلئے کیا تھا۔ مسئلہ کشمیر کے حل کا یہ شاندار وقت ہے۔ سیاسی وعسکری قیادت متحد ہو کر آزادی کشمیر کیلئے فیصلہ کن کردار ادا کرے۔کوئٹہ میں ہونے والی دہشت گردی میں بھارتی خفیہ ایجنسیاں ملوث ہیں۔

(جاری ہے)

جامع مسجد القادسیہ میں خطبہ جمعہ کے دوران ہزاروں افراد کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ سیاستدانوں و حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ بیرونی قوتوں کی سازشوں کا شکار نہ ہوں ۔ انڈیا آپ کے ساتھ قطعی طور پر مخلص نہیں ہے‘ اس کی نام نہاد دوستی سے بچیں اور متحد ہو کر مظلوم کشمیریوں کی ہرممکن مددوحمایت کی جائے۔ کشمیر آزاد ہو گا توانڈیا کی کمر ٹوٹ جائے گی اور پاکستان دفاعی و معاشی اعتبار سے ایک مضبوط قوت بن کر ابھرے گا۔

امریکہ و یورپ کو آج یہی پریشانی کھائے جارہی ہے۔ اس لئے وہ پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کیلئے انڈیا کو شہ دے رہے ہیں۔ دشمن کی سازشیں ناکام بنانے کیلئے ملک میں اتحادویکجہتی کا ماحول پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوںنے کہاکہ 70سال پر محیط کشمیریوں کی قربانیوںنے آزادی کی جدوجہد کو اس موڑ پر پہنچا دیا ہے کہ دنیا کی تاریخ میں اس کی کوئی مثال نہیںملتی۔

انڈیا بری طرح زچ ہو چکا ہے۔چاہیے تو یہ تھا کہ سیاسی وعسکری قیادت سمیت پوری قوم کشمیریوں کی مددکیلئے متحدہو تی اور آخری وار کر تے ہوئے انڈیا کی فوج کو کشمیر سے نکالنے کیلئے بھرپور کردار ادا کیا جاتا لیکن افسوسناک امر یہ ہے کہ مظلوم کشمیریوں کی مدد کی بجائے سیاستدان و حکمران باہمی لڑائی جھگڑوں میں الجھے ہوئے ہیں۔حافظ محمد سعید نے کہاکہ 27اکتوبر کشمیریوںکا یوم سیاہ تھا۔

اس دن بھارت نے انگریز سے سازباز کر کے اپنی فوج مقبوضہ کشمیر میں داخل کی اور خطہ کشمیرپر غاصبانہ قبضہ کیا تھا۔ اسی طرح چند دن بعد 6نومبر آرہا ہے جب جموں سے لاکھوں مسلمانوں کا انخلاء ہوا اور بھارت سرکار نے مسلم اکثریت ختم کرنے کیلئے ڈیڑھ لاکھ سے زائد مسلمانوں کو شہید کیا ۔ آج کشمیر کی تحریک جن حالات سے گزر رہی ہے پوری پاکستانی قوم کو ان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا ہونا چاہیے تھا مگر صورتحال یہ ہے کہ سیاستدانوں و حکمرانوں کو حالات کی سنگینی کا ادراک نہیں ہے اور اسلام آباد میں اس وقت انتشار کی کیفیت ہے۔

انڈیا امریکہ کی پشت پناہی سے اس خطہ میںخوفناک کھیل کھیل رہا ہے۔انہوںنے کہاکہ مسلم حکمران جب دین اسلام پر عمل پیرا نہیں ہوں گے تو پھر منافقت اور آپس کے لڑائی جھگڑے کھڑے ہوں گے۔ملک اس وقت خطرات میں گھرا ہو اہے ۔دشمن قوتیں اسلام و مسلمانوں کے خلاف خوفناک منصوبے بنا رہی ہیں۔ پاکستان کے اندرونی و بیرونی تمام مسائل کا حل قرآن پاک اورسیرت رسول ﷺ میں موجود ہے۔وطن عزیز میں امن و امان کے قیام ٬آپس کے لڑائی جھگڑے ختم کرنے اوربیرونی خطرات سے نمٹنے کے لئے کتاب و سنت کی روشنی میں پالیسیاں ترتیب دینی چاہئیں۔ اسی سے آسمانوں سے رحمتیں و برکتیں نازل ہوں گی۔

متعلقہ عنوان :