وزیر اعظم ہیلتھ انشورنس سکیم پر تیزی سے کام جاری

منصوبے کے پہلے مرحلے میں رحیم یارخان کے 382000افراد کو صحت کارڈ جاری افتتاح کے بعد پانچ دن میں 260افراد صحت کارڈ کی سہولت سے مستفید ہوئے پنجاب کے دیگر اضلاع میں 10لاکھ اٹھائیس ہزار مستحق افراد کو فائدہ پہنچے گا: ترجمان

جمعہ 28 اکتوبر 2016 17:47

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اکتوبر2016ء)ڈیڑھ ارب روپے کے فنڈز سے پنجاب ہیلتھ مینجمنٹ نے وزیر اعظم نیشنل ہیلتھ انشورنس پروگرام کے تحت کام شروع کر دیا ہے اور فیز ون میں رحیم یار خان کے 382000 افرادمیں پاکستان صحت کارڈ تقسیم کر دیئے ہیں جن سے انہوں نے مستفید ہونا شروع کر دیا ہے ۔ وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے 21اکتوبر کو افتتاحی تقریب کے بعد سے اب تک 260مریضوں نے ڈاکٹروں سے مشاورت کی ۔

260مریض مرض کی تشخیص کیلئے ہسپتالوں میں داخل ہوئے جن میں سے 78مریضوں کو علاج کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا۔رحیم یار خان میں 515000 افراد میں سے اب تک 382000 افراد کو ہیلتھ کارڈ تقسیم کئے جا چکے ہیں جس کا مقصد مستحق افراد کو ہیلتھ کی سہولتیں فراہم کرناہے ۔ منصوبہ کے تحت پنجاب کے دیگر اضلاع میں 10لاکھ اٹھائیس ہزار مستحق افراد کو فائدہ پہنچے گا۔

(جاری ہے)

فیز ون میں رحیم یار خان کے ساتھ ساتھ خانیوال ٬ نارروال اور سرگودھا کی عوام مستفید ہو گی۔ پنجاب ہیلتھ مینجمنٹ کمپنی منسٹری آف نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشن اینڈ کوآرڈینیشن کے ساتھ مل کر کام کرے گی ۔ جن کا باقاعدہ طور پر ایم او یو سائن کیا گیا ۔ سٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن آف پاکستان بھی ان اضلاع میں سروس دے گی ۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ مذکورہ کمپنی عوام کو معیاری صحت کی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے تیزی سے کام کر رہی ہے ۔

جنوری 2017 فیز ٹو کے طور پر مزید تین اضلاع میں کام شروع کر دیا جائیگا٬ جس سے دس لاکھ ساٹھ ہزار افراد مستفید ہوں گے ٬ وزیر اعلیٰ پنجاب نے پی ایچ آئی ایم سی کو یہ ٹاسک دیا ہے کہ پنجاب بھر کے اضلاع میں مذکورہ سکیم کے تحت مستحق افراد کیلئے پاکستان ہیلتھ کارڈز جاری کریں تاکہ انہیں معیار صحت کی سہولتیں فراہم ہو سکیں ۔