سعید اجمل ڈومیسٹک کرکٹ کارکردگی کی بنیاد پر ٹیم میں واپس آسکتے ہیں ٬ انضمام الحق

اجمل ورلڈ کلاس کھلاڑی ہے ٹیم میں واپس آتے ہیں تو اچھا ہوگا تاہم ضرورت کے مطابق منتخب کیا جائیگا ٬ چیف سلیکٹر

جمعہ 28 اکتوبر 2016 17:38

سعید اجمل ڈومیسٹک کرکٹ  کارکردگی کی بنیاد پر ٹیم میں واپس آسکتے ہیں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اکتوبر2016ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا ہے کہ تجربہ کار آف اسپنر سعید اجمل ڈومیسٹک کرکٹ کی کارکردگی کی بنیاد پر قومی ٹیم میں واپس آسکتے ہیں۔ چیف سلیکٹر نے کہا کہ 'سعید اجمل نے قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں بہترکارکردگی دکھائی٬ اگروہ اس کارکردگی کو تسلسل دینے میں کامیاب ہوتے ہیں تو انھیں ملک کی نمائندگی کا موقع مل سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 'وہ ورلڈ کلاس کھلاڑی ہیں اور اگر وہ ٹیم میں واپس آتے ہیں تو یہ اچھا ہوگا'۔تاہم انضمام الحق نے واضح کیا کہ سلیکٹرز سعید اجمل اور دیگر کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لے رہے ہیں اور انھیں صرف قومی ٹیم کی ضرورت کے مطابق منتخب کیا جائے گا۔چیف سلیکٹر نے کہا کہ 'اب ہم ٹیم کی ضرورت کے مطابق کھلاڑیوں کے انتخاب کے منصوبے پر عمل پیرا ہیں اور اگر کسی بھی وقت اجمل کی ضرورت ہوئی تو انھیں قومی ٹیم کی نمائندگی کے لیے بلایاجائے گا'۔

(جاری ہے)

انضمام الحق نے اعتراف کیا کہ قومی ٹیم میں اس وقت معیاری آف اسپنر کی کمی ہے تاہم ان کا کہنا تھا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں تمام آف اسپنرز اچھی کارکردگی دکھارہے ہیں انھیں مزید بہتری کے لیے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بلایا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ 'ہم اسی طرح آل راؤنڈرز پر توجہ دے رہے ہیں اور ان میں سے اچھے کھلاڑیوں کو ہمارے قابل کوچز سے ٹریننگ کے لیے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بلایا جائے گا'۔۔

متعلقہ عنوان :