وفاقی دارالحکومت کی تاجر برادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے٬ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری

خالد اقبال ملک کی قیادت میں چیمبر کے وفد کی وزیر مملکت برائے کیڈ سے ملاقات

جمعہ 28 اکتوبر 2016 17:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اکتوبر2016ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے صدر خالد اقبال ملک کی قیادت میں وزیر مملکت برائے کیپٹل ایڈمنسٹریشن اینڈ ڈویلپمنٹ ڈویژن ڈاکٹر طارق فضل چوہدری سے ملاقات کی اور صنعت و تجارت سمیت مختلف موضوعات پر ان سے بات چیت کی۔ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد ان کا اپنا حلقہ انتخاب ہے اور خوش قسمتی سے ان کے پاس وزارت بھی کیپٹل ایڈمنسٹریشن کی ہے لہذا وہ وفاقی دارالحکومت کی تاجر برادری کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرانے کی کوشش کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد بند کرنے کے حوالے سے تاجروں کے تحفظات جائز ہیں اور حکومت تاجر برادری سمیت اسلام آباد کے شہریوں کے حقوق کا مکمل طور پر تحفظ کرنے کی کوشش کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا یہ خوش آئند ہے کہ میئر اسلام آباد اور چیئرمین سی ڈی اے نے تاجروں کے مسائل کے حل کیلئے کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں اور چونکہ وہ عوامی نمائندے ہیں لہذا وہ دلچسپی سے مسائل حل کرائیں گے۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے دورہ کے موقع پر ایک سکول چیمبر کے حوالے کرنے کا جائزہ لیا جائیگا۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خالد اقبال ملک نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لاک ڈائون شروع ہونے سے قبل ہی کچھ مسائل سامنے آ رہے ہیں جس وجہ سے روزمرہ مال کی ترسیل کیلئے ٹرانسپورٹ اسلام آباد آنے سے انکاری ہے جبکہ کراچی پورٹ پر بھی مال رک گیا ہے جس سے ملکی معیشت کو نقصان ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ کنٹینروں کی پکڑ دھکڑ سے بھی روزمرہ کی معاشی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ تاجروں اور مارکیٹوں کے 95فیصد مسائل سی ڈی اے سے تعلق رکھتے ہیں لیکن چونکہ چیئرمین سی ڈی اے جو کہ میئر بھی ہیں اور عوامی نمائندگی کرتے ہیں وہ ضرور مسائل حل کرائیں گے جس کا انہوں نے وعدہ بھی کر لیا ہے۔ انہوں نے وزیر مملکت برائے کیڈ کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے دورہ کی دعوت دی۔ وفد میں سینئر نائب صدر خالد ملک٬ نائب صدر طاہر ایوب٬ چیئرمین فائونڈر گروپ خالد جاوید٬ سابق صدور طارق صادق اور محمد اعجاز عباسی کے علاوہ چوہدری وحید الدین٬ سابق سینئر نائب صدر خالد چوہدری٬ سابق نائب صدر محمد حسین٬ نعیم صدیقی اور سیف الرحمٰن شامل تھے۔

متعلقہ عنوان :