بھارت سے تجارتی تعلقات پر نظرثانی کرنے کے فیصلہ کی غیر مشروط حمایت کرتے ہیں٬ میاں زاہد حسین

جمعہ 28 اکتوبر 2016 17:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اکتوبر2016ء) پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م کے صدر اور بزنس مین پینل کے سینیئر وائس چیئرمین میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ ایف پی سی سی آئی کے صدر عبدالرئوف عالم کی جانب سے بھارت سے تجارتی تعلقات پر نظرثانی کرنے کے فیصلہ کی غیر مشروط حمایت کرتے ہیں٬ وفاقی چیمبر کے صدر نے عوام اور کاروباری برادری کے جذبات اور قومی مفاد کی صحیح ترجمانی کرتے ہوئے رہنمائی کا حق ادا کر دیا ہے جس سے ان کے قد کاٹھ اور وقارمیں مزید اضافہ ہوا ہے٬ ہم ملکی مفاد میں گروپ بندی سے بالا تر ہو کر فیصلہ کریں گے اور اگر بھارت نے پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازشیں بند نہ کی تو ہر قسم کی تجارت بند کر دی جائے گی۔

جمعہ کو جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بھارت نے اشتعال انگیزی کی حد کر دی ہے جبکہ پاکستان کی امن پسندی کو کمزوری سمجھا جا رہا ہے٬ پاکستان میں دہشت گردی کے ذریعے ضرب عزب پر اثر انداز ہوا جا سکتا ہے نہ قوم کا حوصلہ پست کیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

میاں زاہد حسین نے کہا کہ بھارت سے پاکستان کی ترقی ہضم نہیں ہو رہی ہے اور نہ وہ کسی بھی قیمت پر اقتصادی راہداری کی تعمیر اور کامیابی برداشت کرنے کو تیار ہے جسے ڈی ریل کرنے کیلیئے یہ سارا ڈرامہ کیا جا رہا ہے مگر اسکی سازشیں کبھی کامیاب نہیں ہونگی۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے اور چونکہ تجارت کا توازن بھارت کے حق میں ہے لہذا ہمارے پاس تجارت کے خاتمے کے علاوہ بھی بہت سے آپشن ہیں۔

متعلقہ عنوان :