پی ٹی آئی کے کارکن ہر ضلع سے ڈائریکٹ اسلام آباد پہنچیں ‘عبدالعلیم خان کارہنماؤں سے رابطہ

’’ پش اپس‘‘سے ڈرنے والے بزدل حکمران پی ٹی آئی کے کارکنوں کا مقابلہ نہیں کر سکتے ‘صدر پی ٹی آئی سنٹر ل پنجاب

جمعہ 28 اکتوبر 2016 16:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اکتوبر2016ء) تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پش اپس سے ڈرنے والے بزدل حکمران تحریک انصاف کے کارکنوں کا مقابلہ نہیں کر سکتے ٬حکومت کی الٹی گنتی شروع ہو چکی اور اس کاؤنٹ ڈاؤن کا انجام بہت نزدیک ہے ٬2نومبر قومی دولٹ لوٹنے والوں کیلئے ڈراؤنا خواب بن چکا ہے وقت آ گیا ہے کہ ہر پاکستانی ملک سے کرپشن کے خاتمے اور کرپٹ حکمرانوں سے نجات کیلئے باہر نکلے ٬عمران خان کی قیادت میں ابھی نہیں تو کبھی نہیں کی بنیاد پر پی ٹی آئی کا ہر کارکن ڈٹ کر کھڑا ہے اور مقصد کے حصول تک پیچھے نہیںہٹیں گے ۔

عبدالعلیم خان نے سنٹرل پنجاب کے مختلف اضلاع میں پارٹی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نئی صورتحال میں ہر ضلع اپنی حکمت عملی تشکیل دے اور وسطی پنجاب کے اضلاع سے کارکن ڈائریکٹ اسلام آباد پہنچنے کا بندو بست کریں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے 6ماہ تک انتظار کرنے کے بعد پاناما لیکس کے معاملے پر احتجاج کی کال دی ہے کیونکہ حکمران اس معاملے پر مٹی ڈالنے کی ٹھانے بیٹھے تھے جسے عمران خان نے ناکام بنا دیا ہے اور اب انہیں ہر حال میں جوابدہ ہونا پڑے گا ۔

عبدالعلیم خان نے مختلف اضلاع میں ٹیلی فون پر پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمعرات کو اسلام آباد میں پی ٹی آئی یوتھ کنونشن میں ہونے والی زیادتی پر کوئی پاکستانی خاموش نہیں رہے گا ہم گرفتار کارکنوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں اگر حکمرانوں نے یہی روش جاری رکھی تو حالات کی ذمہ داری حکومت پر ہو گی نواز شریف اور شہباز شریف کو ہوش کے ناخن لینا چاہئیں اور اقتدار کے نشے میں اس قدر دور نہیں جانا چاہیے کہ خود اُن کیلئے واپسی ممکن نہ ہو سکے ۔

عبدالعلیم خان نے سنٹرل پنجاب کے اضلاع قصور ٬شیخوپورہ٬ننکانہ صاحب٬حافظ آباد٬گجرانوالہ ٬گجرات ٬نارووال٬سیالکوٹ اور منڈی بہاؤ الدین میں پارٹی رہنماؤں سے 2نومبر کے حوالے سے مشاورت کی اور اہم فیصلوں کی منظوری دی۔

متعلقہ عنوان :