پیمرا شکایات کونسل لاہور کا 66واں اجلاس۔ غیر مصدقہ خبریں چلانے پر چینلز کو جرمانے

جمعہ 28 اکتوبر 2016 16:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اکتوبر2016ء) پیمراشکایات کونسل لاہورکا 66واں اجلاس چیئر پرسن ڈاکٹر مہدی حسن کی زیرِ صدارت پیمرا علاقائی دفتر٬ لاہور میں منعقدہوا۔کونسل نے چینل24کے پروگرام ’کھرا سچ‘مورخہ 21ستمبر 2016ء میں میزبان مبشر لقمان کی وزیر اعظم پاکستان کی حب الوطنی پرغیر ذمہ دارانہ گفتگو کرنے پر دائر کی گئی شکایت کی سماعت کرتے ہوئے چینل پر دس لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا۔

کونسل نے چینل 24کے پروگرام ’کھراسچ‘مورخہ 12ستمبر 2016ء میں قصور کے ایم این اے شیخ وسیم اخترکے خلاف جھوٹی اور بے بنیاد خبر چلانے پر چینل پر دس لاکھ جرمانہ عائد٬ چینل 24 دونوں کیسوں میں اپنا دفاع کرنے میں نہ صرف نا کام رہی بلکہ کسی بھی قِسم کا ثبوت فراہم کرنے سے قاصر رہا۔

(جاری ہے)

کونسل نے انور عزیز کی چینل 24- کے خلاف دائر درخواست کی سماعت شکایت کنندہ کی غیر حاضری کی وجہ سے اگلے اجلاس تک ملتوی کر دی۔

کونسل نے میسرز ستارہ کیمیکل انڈسٹریز کی چینل24-کے پروگرام’انوسٹی گیٹر24-‘ مورخہ 13مارچ 2016ء میں کمپنی کے خلاف بے بنیاد الزامات لگانے اور ساکھ کو نقصان پہنچانے پر دائر شکایت کی سماعت کرتے ہوئے کونسل نے چینل کو غیر سنجیدہ رویہ اپنانے اور غیر ذمہ دارانہ صحافت کرنے پر چینل پر پانچ لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا۔ کونسل نے اے آر وائی چینل کے پروگرام "نیوز "6@میں ایم پی اے رانا مشہود کے خلاف من گھڑت اور بے بنیاد خبر چلانے اور کونسل کے احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے پر چینل پر پانچ لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا۔

اجلاس میں دیگر کونسل ممبران بشمول ڈاکٹر صغریٰ صدف٬ ڈاکٹر مبشر ندیم٬ڈاکٹر لبنیٰ ظہیر٬ جناب افتخار احمدتارڑ اور ڈاکٹر محمد صفدر رحمان(آر جی ایم/سیکرٹری کونسل) نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :