احمد شہزاد اور عمر اکمل نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں تنزلی پر دل برداشتہ ٬پی سی بی حکام سے بات کرینگے

جمعہ 28 اکتوبر 2016 16:07

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اکتوبر2016ء) قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی احمد شہزاد اور عمر اکمل پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں تنزلی پر دل برداشتہ ہو گئے ٬پی سی بی حکام سے تنزلی پر بات کریں گے۔تفصیلات کے مطابق اس وقت احمد شہزاد اور عمر اکمل کے ستارے گردش میں ہیں ۔دونوں کرکٹرز پی سی بی کے اعلی حکام اور سلیکشن کمیٹی کے دلوں میں گھر کرنے اور ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام ہیں ۔

(جاری ہے)

گزشتہ ہفتے پی ایس ایل کی پلاٹینم کیٹگری میں منتخب ہوتے ہیں لیکن پی سی بی کے سینٹرل کنٹریکٹ میں ان کی تنزلی کر دی جاتی ہے ۔احمد شہزاد بی جبکہ عمر اکمل سی سے ڈی کیٹگری میں شامل ہوئے ہیں ۔ دونوں کرکٹرز سلیکشن کمیٹی کے رویے سے نالاں ہیں اور تنزلی کے حوالے سے پی سی بی کے اعلی حکام سے بات کریں گے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں کرکٹر ز کا خیال ہے کہ سلیکشن کمیٹی کے ناروا سلوک سے ان کی تذلیل کی گئی ہے۔ ایک طرف ان فٹ حارث سہیل جنہوں نے اپنا آخری میچ 29 مئی 2015ء کو کھیلا انہیں سی میں برقرار رکھا جاتا ہے اور ٹیسٹ کرکٹرز کی تنزلی کر دی جاتی ہے ۔