Live Updates

وزیر اعلی شہبازشریف نے عمران خان کو 26ارب 54کروڑ روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھیج دیا

قانونی نوٹس عمران خان کی رہائشگاہ زمان پارک لاہور٬بنی گالہ اسلام آباد اور پی ٹی آئی ہیڈ کوارٹر اسلام آباد کے پتوں پر بھجوایا عمران خان 14 روز کے اندر اپنے الزامات کی معافی مانگیں ٬ ورنہ ہتک عزت ایکٹ کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائیگی ‘ متن

جمعہ 28 اکتوبر 2016 16:07

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اکتوبر2016ء) وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی جانب سے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو 26ارب 54کروڑ روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھیج دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق عمران خان کی جانب سے وزیر اعلیٰ شہباز شریف پراربوں روپے کرپشن کے الزامات لگائے گئے تھے جس میں جاوید صادق کو ان کا فرنٹ مین قرار دیا گیا تھاجس کو وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے مسترد کرتے ہوئے عمران خان کو ہرجانے کا نوٹس بھجوانے اور عدالت جانے کا اعلان کیا تھا ۔

اب عمران خان کو 26ارب54کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھجوا دیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

چیئرمین پی ٹی آئی کو ہرجانے کا قانونی نوٹس وزیر اعلیٰ شہبازشریف کے وکیل سابق ایڈووکیٹ جنرل پنجاب مصطفی رمدے ایڈووکیٹ کے ذریعے بھیجا گیا۔قانونی نوٹس عمران خان کی رہائشگاہ زمان پارک لاہور٬بنی گالہ اسلام آباد اور پی ٹی آئی ہیڈ کوارٹر اسلام آباد کے پتوں پر بھجوایا گیا ہے۔نوٹس میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کے الزامات بے بنیاد ہیں ٬وہ14 روز کے اندر اپنے الزامات کی معافی اسی طرح مانگیں جس طرح لگائے گئے تھے٬ ورنہ ان کے خلاف ہتک عزت ایکٹ کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائیگی ۔ذرائع کے مطابق قانونی نوٹس کی کاپیاں کارگو سروس کے ذریعے ارسال کی گئی ہیں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :