قتل کے مقدمے میں سزا یافتہ ایم این اے کی بیرون ملک فرار کی کوشش ناکام

جمعہ 28 اکتوبر 2016 11:37

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 اکتوبر2016ء) ایف آئی اے نے قتل کے مقدمہ میں سزا یافتہ ایم این اے عابد رضا کی ترکی فرار ہونے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے انہیں ایئرپورٹ پر روک لیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق قتل کے مقدمے میں سزا یافتہ لیگی ایم این اے عابد رضا لاہور کے علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئر پورٹ سے استنبول جا رہے تھے کہ ایف آئی اے امیگریشن نے انہیں روک لیا اور تقریبا ڈیڑھ گھنٹہ پوچھ گچھ کے بعد حکام نے انہیں واپس بھیج دیا۔

واضح رہے کہ 2 روز قبل لاہور ہائی کورٹ نے قتل کے الزام میں ایم این اے عابد رضا کو 6 افراد کے قتل پر عمرقید کی سزا سنائی تھی٬ فیصلے کے بعد مجرم احاطہ عدالت سے فرار ہو گیا تھا۔ 1998 میں گجرات میں 6 افراد کے قتل کا الزام عابد رضا پر لگا تھا اور 2003 میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے انہیں سزائے موت کا حکم سنایا تھا لیکن مدعی مقدمہ سے صلح کے بعد عدالت کو ضمانت منظور کرنا پڑی۔

(جاری ہے)

سپریم کورٹ نے عابد رضا کی انسداد دہشت گردی کی عدالت سے بریت کا نوٹس لیتے ہوئے لاہور ہائی کورٹ کو کیس کا فیصلہ سنانے کا حکم دیا۔ عدالت عظمی نے نقطہ اٹھایا کہ جس مقدمے میں دہشت گردی کی دفعات شامل ہوں۔ اس میں مدعی کی صلح کے باوجود ملزم کی بریت ممکن نہیں ہوتی۔ دوسری جانب عابد رضا کی رکنیت قومی اسمبلی بھی عدالت میں چیلنج ہے٬ 2013 کے عام انتخابات میں عابد رضا این اے 107 گجرات سے کامیاب قرار پائے تھے۔

متعلقہ عنوان :