کشمیرمیں بھارتی افواج کے مظالم کے خلاف جدہ میں یوم سیاہ منایا گیا

حکومت پاکستان مسئلہ کشمیر کوتمام عالمی اداروں میں پرزور انداز میں اٹھا رہی ہے٬پاکستانی قونصل جنرل کا خطاب

جمعہ 28 اکتوبر 2016 11:20

جدہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اکتوبر2016ء) دنیا بھرکی طرح جدہ میں بھی کشمیرمیں بھارتی افواج کے مظالم کے خلاف یوم سیاہ منایا گیا۔ اس موقع پر پاکستان کشمیرکمیٹی کے زیر انتظام پاکستان قونصلیٹ میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد موجود تھی۔اس موقع پر قونصل جنرل شہریاراکبر نے کہا کہ بھارت نے کشمیرمیں ظلم وستم کی انتہا کردی ہے٬ حکومت پاکستان مسئلہ کشمیر کوتمام عالمی اداروں میں پرزور انداز میں اٹھا رہی ہے٬ جنرل اسمبلی میں وزیراعظم محمد نواز شریف کا خطاب٬ او آئی سی کے تمام فورمز٬ حال ہی میں نیویارک٬ تاشقند میں ہونے والے اجلاسوں میں بھی اس مسئلے پر پرزور قراردادیں پیش کی ہیں٬ یہ عالمی برادری کو جگانے کی کوششیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر شخص کو چاہئے کہ سوشل میڈیا اور اپنے فورم کے ذریعہ دنیا کو بھارتی مظالم سے آگاہ کریں۔

(جاری ہے)

کشمیر کمیٹی کے صدرمسعود احمد پوری نے اپنے خطاب میں کہا کہ کشمیرکمیٹی اپنی تمام کوششیں جاری رکھے ہوئے اور قونصلیٹ کے تعاون سے مسئلہ کشمیرکو اجاگر کرنے میں مصروف ہے۔ کشمیرکمیٹی کے رہنما غلام نبی بٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ برہان وانی کی شہادت کے بعد شہادتوں کا سلسلہ چل نکلا ہے اوربزدل بھارتی سکیورٹی فورسز روزانہ نہتے نوجوانوں کو شہید کررہی ہیں٬ پیلٹ گن کے استعمال کے نتیجے میں سینکڑوں کشمیری بینائی سے محروم چکے ہیں٬ اب وہ دن دور نہیں جب بھارت کے ٹکڑے ہونے والے ہیں٬ کشمیر ظلم و ستم کا بازار گرم کرنے والوں کا قبرستان ثابت ہوگا۔

کشمیری رہنما مولانا ارشاد نے کہا کہ پاکستان کے عوام کشمیرکی جدوجہد میں کشمیری بھائی بہنوں کے ساتھ ہیں۔ تقریب میں صدر پاکستان اور وزیراعظم کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔