چائلڈ لائف فاؤنڈیشن نے پانچ سال مکمل کر لئے

جمعرات 27 اکتوبر 2016 22:04

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اکتوبر2016ء) چائلڈ لائف فاؤنڈیشن (CLF) نے سول اسپتال کے ایمرجنسی روم میں گزشتہ پانچ سالوں میں 580,000 سے زائد بچوں کا مفت علاج کیا ہے جب کہ شہر کے تین اسپتالوں میں سالانہ 450,000 بچوں کا علاج کیا جا رہا ہے۔ یہ انکشاف CLF کے چیئرمین اقبال آدم جی نے ’زندگی بچانے کے 5سال‘ کے نام سے سول اسپتال میں منعقد ہونے والی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

چیئرمین CLF نے ان کی مسلسل مدد کرنے پر سول اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر جمیل احمد صدیقی اور زندگیاں بچانے کے ان کے خواب کو حقیقت کا روپ دینے میں مدد کے لئے سول اسپتال کے سابق میڈیکل سپرنٹنڈنٹ پروفیسر ڈاکٹر سعید احمد قریشی کا شکریہ ادا کیا۔آدم جی نے کہا٬ ’’ہم CLF کے لئے کام کرنے والے عملے کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں کیوں کہ ان کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔

(جاری ہے)

حالانکہ فاؤنڈیشن کی جانب سے طب اطفال سے متعلق ER کی باگ ڈور سنبھالنے کے بعد صورت حال خاصی بہتر ہوئی ہے ٬ تاہم ابھی بھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔‘‘مہمان خصوصی ڈاکٹر جمیل احمد صدیقی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں CLF کی صورت میں ایک شراکت دار ملنے پر بہت خوشی ہے اور وہ انہیں زندگیاں بچانے کے قابل بنانے کے لئے درکار ہر مدد فراہم کرنے کو تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’’میں نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ بننے کے بعد جب کبھی طب اطفال سے متعلق ER کا دورہ کیا ہے٬ تو میں نے ہمیشہ عملے کو بیماربچوں کو خدمات فراہم کرتے ہوئے پایا ہے۔ ڈاکٹر سعید قریشی نے کہا٬ ’’ER میں بچوں کا سیمنٹ کے سلیبس پر علاج کیا جاتا تھا اور اس کی حالت نہایت پست تھی۔ اب CLF اور سول اسپتال کی ٹیم کی کوششوں سے ہر بچے کو معیاری دیکھ بھال اور ادویات فراہم کی جاتیں ہیں۔

‘‘CLF کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر احسن ربانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’’فاؤنڈیشن نے سول اسپتال٬ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ٬ اور سندھ گورنمنٹ اسپتال کورنگی میں تین ایمرجنسی شعبوں کا انتظام سنبھال رکھا ہے٬ اور سیناہیلتھ٬ ایجوکیشن و ویلفیئر ٹرسٹ کے ساتھ شراکت داری میں٬ کراچی کی کچی آبادیوں میں قائم 22 کلینکس کے ذریعے ہر سال 500,000 مریضوں کو ابتدائی دیکھ بھال فراہم کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم بنگلہ دیش کی BRAC کے ساتھ بھی کام کر رہے ہیں اور 50,000 لوگوں تک پہنچنے کے ہدف کے ساتھ ایک انسدادی صحت پروگرام کا آغاز کر چکے ہیں۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ CLF ایک رجسٹرڈ غیر منافع بخش ادارہ ہے جو 2010 سے کام کر رہا ہے۔ اس کے زندگی بچانے والے آلات٬ تربیت یافتہ عملہ اور مفت فراہم کی جانے والی معیاری ادویات نے ان مراکز میں شدید بیمار بچوں کی بقاء کی شرح کو 90فی صد تک بڑھا دیا ہے۔