پی ٹی آئی اور ن لیگ کو کراچی میں دھچکا٬ ن لیگ کے ایم پی اے شفیع جاموٹ کے بھتیجے محمود عالم جاموٹ٬ جان عالم ودیگر برادری کی پیپلز پارٹی میں شمولیت

بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں ریلی نکالی تو تعصب پرستوں کو آگ لگ گئی ہے اوروہ بوکھلاہٹ کا شکار ہیں٬ نثار احمد کھوڑو

جمعرات 27 اکتوبر 2016 22:04

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اکتوبر2016ء) پی ٹی آئی اور ن لیگ کو کراچی میں دھچکا۔ ن لیگ کے ایم پی اے حاجی شفیع جاموٹ کے بھتیجے اور سابق ایم پی اے محمود عالم جاموٹ ٬ جان عالم جاموٹ سمیت پی ٹی آئی کے رہنما اور جوکھیو برادری کے سردار جام کریم بجارنے اپنے ساتھیوں سمیت پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔یہ اعلان پیپلز پارٹی سندھ صدرنثا راحمد کھوڑو کی موجودگی میں ایک پریس کانفرنس میں کیا ٬ اس موقع پر ملیر سے تعلق رکھنے والے ضلع کونسل کے 19آزاد اراکین اور 13یونین کونسلز کے چیئرمینوں نے بھی پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

مذکورہ رہنمائوں کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کے بعد ملیر کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 258پر پیپلز پارٹی کے امیدوار حکیم بلوچ کی پوزیشن مستحکم ہوگئی ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مشیر اطلاعات مولا بخش چانڈیو٬ این اے 258کے امیدوار حکیم بلوچ بھی موجود تھے۔ملیر میںپریس کانفرنس کو خطا ب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے مذکورہ رہنمائوں کو پیپلز پارٹی میں شامل ہونے پر ویلکم کرتے ہوئے کہا کہ اب بلاول بھٹو زرداری میدان میں ہے اسلیئے آئندہ انتخابات میں بھی تیر چلے گا۔

انھوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں ریلی نکالی تو تعصب پرستوں کو آگ لگ گئی ہے اوروہ بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اور یہ وہی تعصب پرست ہے جو 18 اکتوبر اور 12مئی کے سانحات کے دوران حکومت میں تھے اور انتظامات نہ کرنے کی وجہ سے یہ واقعات رونما ہوئے اور بہت انسانی جانیں ضائع ہوئیں۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ ہم ان کی طرح فیکٹریوںکو آگ نہیں لگاتے نہ ہی بھتہ لے کر پارٹی چلاتے ہیں۔

اب ان کی دُم پر لات پڑی ہے تو وہ سیخ پا ہورہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ اس جماعت کا مکافات عمل ہے کہ اب ان سے لوگ سائڈہوتے جارہے ہیں اور پیپلز پارٹی عوامی پارٹی ہے جس میں لوگ شمولیت کررہے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ کراچی کی عوام کو دگلی پالیسی چلنے والوں ٬دھوکے بازوں اور آمروں کے ساتھاریوں کے چنگل سے باہر نکالیں گے ۔نثار کھوڑو نے کہا کہ عمران خان کسی کی سیٹی اور ایمپائر کے اشاروں پر چلتے ہیں اور نواز شریف سیاستدان نہیں وہ ملک کو بزنس مین کی طرح چلا رہے ہیں جو ماضی میں ایک آمر کے ساتھ معاہدہ کرکے ملک سے فرار ہوگئے تھے ۔

انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے عوام کے لیے آمروں کو للکارا اور للکارتے رہے گے۔نثار کھوڑو نے کہا کہ ہم دھرتی کے رکھوالے ہیں سندھ کے تمام علاقوں میںبرابری کی بنیاد پر ترقیاتی کام کرائیں گے ۔انھوں نے کہ کہا کہ ماضی میں جنرل مشرف نے ڈیولیوشن پلان کے تحت صرف من پسند علاقوں کو نوازا اور سندھ کے دیہی علاقوں کو نظرانداز کیا۔انھوں نے کہا کہ جن لوگوں نے سندھ پر بری نظر ڈالی اور سندھ کو ٹکڑے کرنے کے باتیں کی وہ آج خود ٹکڑے ہوگئے ہیں اب ملکر ان کو مزید کمزور کریں گے۔