ملک میں انتشار پھیلانے کی ہرگز اجازت نہیں دینگے٬ مولانافضل الرحمن

جمعرات 27 اکتوبر 2016 21:56

نوشہرہ۔27اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اکتوبر2016ء)جمعیت علماء اسلام (ف) کے مرکزی سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ایک طرف لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت جاری ہے اور دوسری طرف عمران خان اسلام آباد کو بند کرکے ملک میں انتشار پھیلانا چاہتے ہیں جس کی ہم ہرگز اجازت نہیں دے سکتے۔ عمران خان اور اس کے کارکن گرم زمین پر پائوں نہیں رکھیں گے اس مرتبہ اسلام آباد کی زمین گرم ہے اوران کے کارکن گیدڑوں کی طرح راہ فرار اختیار کرلینگے٬ گیدڑ شیروں کامقابلہ نہیں کرسکتے۔

ان خیالات کااظہار انہوں اضاخیل میں منعقدہ جے یوآئی ف یوتھ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کی صدارت جے یوائی کے صوبائی صدر قاری عدنان نے کی۔ کانفرنس سے وفاقی وزیر اکرم خان درانی٬ جے یوآئی صوبائی امیر مولانا گل نصیب خان٬ صوبائی جنرل سیکرٹری شجاع الملک٬ سینیٹر طلحہ محمود٬ سینیٹر حافظ حمد اللہ٬ مفتی کفایت اللہ٬ مولانا فضل علی حقانی٬ مولانا عین الدین سمیت کئی مقررین نے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

یوتھ کانفرنس میں ہزاروں طلباء اور نوجوانوں نے شرکت کی۔ مولانا فضل الرحمن نے اپنے خطاب میں کہا کہ جے یوآئی کی صد سالہ تقریبات شروع ہو رہی ہیں جو اس ملک کی سیاسی تاریخ میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ یوتھ کانفرنس نے دنیا پر ثابت کردیا کہ خیبرپختونخوا کے نوجوانوں کایہ جلسہ عام حد نگاہ تک نوجوان ہی نوجوان ہیں۔ اس عظیم اجتماع کے بعد ثابت ہوگیا ہے کہ جے یو آئی کے نوجوان مغربی تہذیب کی یلغار کو مستر د کرچکے ہیں۔

انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ صد سالہ تقریبات کی کامیابی کے لئے باہر نکلیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کشمیری یوم سیاہ منارہے ہیں ہم کشمیر ی مسلمانوں پر مظالم کی مزمت کرتے ہیں۔ انہوں نے بلوچستان میں دہشت گردی کی پرزورمذمت کی اور کہا کہ اس سے قبل وکلاء پر حملہ ہو ا او راب پولیس ٹریننگ سٹرپر حملہ ہوا جس میں ساٹھ سے زائد ریکروٹس شہید ہوگئے اس دہشت گردی کا کون ذمہ دار ہے۔

بھارت لائن آف کنٹرول پر حملہ کررہا۔ مولانا نے کہا کہ دوسری طرف ہمارے ملک کے اندر کچھ قوتیں انتشار پھیلا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کاکردار پوری قوم کے سامنے ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان درحقیقت پاکستا ن کی جمہوریت اور پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی سازشوں میں مصروف ہے۔ ہم نے عمران خان کے خلاف کھلے جہاد کااعلان کردیا ہے٬ ہم ہر میدان سے عمران خان کو گیدڑوں کی طرح بھگائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عوام جانتے ہیں کہ صوبائی حکومت نے صوبے میں بڑی تبدیلی کیا کی ہے۔ عمران خان کی حکومت صوبے میں چوہے نہیں مار سکی تو وہ اسلام اباد میں شیروں کا کیا مقابلے کرے گی۔سول نافرنانی کرنے والے کااصل چہرہ قوم دیکھ چکی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ اس ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ اور اسلام کی سربلندی کیلئے ہر حدتک جائیں ۔

جلسے سے وفاقی وزیر اکرام خان درانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کی صوبائی حکومت بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔ صوبے میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں عوام اپنے حقوق کیلئے رل گئے ہیں۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کو تنقید کانشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آج ہم ان کے حلقے میں یوتھ کانفرنس سے اندازہ لگ چکاہے٬ عوا م نے سرعام ان پر عدم اعتمادکردیا ہے۔ انہوں نے عوام سے دھوکے میں ووٹ لیا آنے والے دور جے یوآئی کا ہے۔