طبی عملہ نے زخمی پولیس اہلکاروں کوعلاج کی فراہمی میں شاندار کردار ادا کیا ہے٬ نواب ثناء اللہ خان زہری

جمعرات 27 اکتوبر 2016 21:47

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اکتوبر2016ء) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ ڈاکٹروں اور طبی عملہ نے سانحہ پی ٹی سی کے زخمی پولیس اہلکاروں کوفوری طبی امداد اور علاج و معالجہ کی بہترین سہولتوں کی فراہمی میں شاندار کردار ادا کیا ہے٬ اس حوالے سے محکمہ صحت کی کارکردگی قابل تعریف رہی٬ کچھ عرصہ قبل تک اس بات کا تصور بھی نہیں تھا کہ سول ہسپتال اور بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال میں کسی ہنگامی صورتحال میں اس قسم کی بہترین سہولیات دستیاب ہونگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن اور پیرا میڈکس ایسوسی ایشن کے ایک مشترکہ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جس نے ڈاکٹر حفیظ مندوخیل کی قیادت میں ان سے ملاقات کی٬ صوبائی وزراء عبدالرحیم زیارتوال٬ رحمت صالح بلوچ٬ عبیداللہ جان بابت اور سیکریٹری صحت نور الحق بلوچ بھی اس موقع پر موجود تھے٬ وزیراعلیٰ نے کہا کہ شعبہ طب سے وابستہ افراد نے اپنی کارکردگی کی بنیاد پر اس شعبہ پر تنقید کرنے والوں کے منہ بند کر دیئے ہیں اور وہ اپنے اپنی شرمندگی مٹانے کے لیے حکومت پر بے بنیاد الزام تراشی میں مصروف ہیں تاہم محکمہ صحت کی کارکردگی سب کے سامنے ہے٬ جسے لغو پروپیگنڈہ سے جھٹلایا نہیںجا سکتا٬ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ڈاکٹر ہمارے بچے اور بھائی ہیں اور انہوں نے زخمیوں کو بروقت طبی سہولتوں فراہم کر کے اپنی اور محکمہ کی نیک نامی میں اضافہ کیا ہے٬ انہوں نے ڈاکٹروں کو تلقین کی کہ وہ اپنی اس کارکردگی کو برقرار رکھتے ہوئے دکھی انسانیت کی خدمت کرتے رہیں٬ وزیراعلیٰ نے کہا کہ لوگوں کی زندگیاں اہم ہیں جنہیں بچانا حکومت اور ڈاکٹروں کا اولین فرض ہے٬ صوبائی حکومت ڈاکٹروں کو تنخواہوںکے خصوصی پیکیج کی فراہمی سے متفق ہے اور اس ضمن میں محکمہ صحت کی جانب سے بھجوائی گئی سمری کی جلد منظوری دے دی جائے گی تاہم اسے ڈاکٹروں کی اپنی جائے تعیناتیوں پر حاضر رہنے سے مشروط کیا جائیگا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے پیرا میڈیکس کے سروس اسٹرکچر میں ترمیم کی یقین دہانی بھی کرائی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر سیکریٹری صحت کو تمام ضلعی ہسپتالوں میں ڈائیلائسز کی سہولت کی فراہمی کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی٬ اس موقع پر وفد کی جانب سے یقین دلایا گیا کہ ڈاکٹر اور پیرامیڈیکس اپنے فرائض کی ادائیگی میں کوئی کمی نہیں آنے دیں گے اور ڈاکٹر صوبے کے دور دراز علاقوں میں خدمات کی فراہمی کے لیے ہمہ وقت حاضر رہیں گے٬ وفد نے ڈاکٹر کے جائز مطالبات کی منظوری پر وزیراعلیٰ بلوچستان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :