مخلص٬ ایماندار ملازمین معاشرے میں قدر کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں٬ حسن اللہ مردانزئی

جمعرات 27 اکتوبر 2016 21:43

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اکتوبر2016ء)ڈائریکٹر جنرل سماجی بہبود حسن اللہ مردانزئی نے کہا ہے کہ مخلص٬ ایماندار اور اہل سرکاری ملازمین معاشرے میں قدر کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں۔ سرکاری سطح پر ان کی حوصلہ افزائی ہماری ذمہ داری ہے۔ وہ آج یہاں محکمہ سماجی بہبود ادارہ برائے علاج وبحالی مریضان منشیات سے ریٹائر ہونے والے ملازمین کی الوداعی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ملازمین کو خدمت خلق اور ملک کی ترقی کی جو ذمہ داری تفویض کی جاتی ہے اس سے بڑی سعادت اور کوئی نہیں ٬ ہمیں اس حوالے سے خود کو خوش نصیب خیال کرنا چاہیئے اور معاشرے کے لئے اداروں کی اہمیت وافادیت کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ مثالی بنانا چاہیئے۔ انہوں نے ادارے کے ایڈمنسٹریٹ جاوید بلوچ کی خدمات کو سراہا اور باعزت وباوقات طور پر اپنے ملازمین کو الوداع کہنے کی اچھی روایت ڈالنے پر مبارکباد دی۔

(جاری ہے)

ایڈمنسٹریٹر جاوید بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ادارہ انتہائی حساس ادارہ ہے ٬ یہاں منشیات کے عادی نوجوانوں کو دیکھ کر ہمیں افسوس ہوتا ہے اور ہم میں سے ہر ایک کی ذمہ داری ہے کہ ان نوجوانوں کو صحت مندماحول فراہم کریں تاکہ وہ کامیاب شہری کے طور پر زندگی گزارنے پر مائل ہوسکیں۔ ہمارا کام سرکاری ذمہ داری کے ساتھ ساتھ خدمت خلق کے زمرے میں آتا ہے٬ ہمیں اپنے ان ملازمین کو جو ذمہ داریوں کو فرض سمجھ کر نبھاتے ہیں ان کی زیادہ سے زیادہ حوصلہ افزائی کرنی چاہیئے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر سماجی بہبود نے ریٹائر ملازمین سپرنٹنڈنٹ مقبول کاسی اور اسسٹنٹ محمد انور میں شیلڈ اور گولڈ میڈل تقسیم کئے اور الوادعی پارٹی دی گئی۔