ڈپٹی میئر کوئٹہ کی پولیس ٹریننگ سینٹر پر دہشت گرد حملے کی مذمت

جمعرات 27 اکتوبر 2016 21:43

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اکتوبر2016ء) ڈپٹی میئر کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن محمد یونس بلوچ نے پولیس ٹریننگ سینٹر کوئٹہ پر دہشت گردوں کے حملے کی سختی سے مذمت کرتے ہوئے واقعہ میں شہید ہونے والوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سفاکانہ واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ معصوم انسانوں کا خون بہانے والے کسی مذہب یا قوم کے خیر خواہ نہیں بلکہ پوری انسانیت کے دشمن ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دشمن قوتوں نے اپنے کارندوں کے ذریعہ پاکستان خاص طور سے بلوچستان کو جنگ کا میدان بنادیا ہے لیکن بلوچستان کے باشعور اور جراتمند عوام دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی حکومت اور سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ایسی بزدلانہ کاروائیوں سے ان کے حوصلے پست نہیں کئے جاسکتے۔ ڈپٹی میئرنے منتخب بلدیاتی نمائندوں پر زور دیا کہ وہ امن وامان قائم رکھنے اور سیکیورٹی کو یقینی بنانے میں فعال کردار ادا کریں۔ گلی محلوں میں عوام کو چوکس رکھیں اور کسی مشکوک شخص یا شے کو دیکھیں تو قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فوری طور پر مطلع کریں۔ ڈپٹی میئر نے کہا کہ ہم جنگ کی حالت میں ہیں اور پوری قوم متحد ہوکر ہی دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بناسکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :