پرائمری سکولوں میں لائبریریوںکے قیام کے ذریعے مطالعے کے رجحان کو فروغ دینے کی غرض سے ورکشاپ کا انعقاد

جمعرات 27 اکتوبر 2016 21:16

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 اکتوبر2016ء)پرائمری سکولوں میں لائبریریوںکے قیام کے ذریعے مطالعے کے رجحان کو فروغ دینے کی غرض سے ایک ورکشاپ جمعرات کے روز ایک مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی جس کا اہتمام الف لیلیٰ بک بس سوسائٹی نیSGAFP-USAIDکے تعاون سے کیا تھاورکشاپ میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ الف لیلیٰ بک بس سوسائٹی کی نائب صدررابعہ امان خان نے’’روشن خیبر پختونخوا‘‘ کے موضوع پر پریزنٹیشن پیش کرتے ہوئے خیبر پختونخوا میں ہر بچے کو کلاس سوئم کے ا ٓخر تک پڑھنے کے قابل بنانے کو یقینی بنانے کیلئے اجتماعی کوششیں کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں مقاصد کے حصول کیلئے جامع پرائمری سکول لائبریری پالیسی اور مطالعے کے مواد تک بچوں کی رسائی کو یقینی بنانا ضروری ہے۔

(جاری ہے)

مطالعے کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے نامور افراد بل گیٹس اور مارک زکربرگ بھی مطالعے کے شوقین ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مطالعے کی اہمیت سے آگہی اور شعور رکھنے والے لوگ جنگ کے دنوں میں بھی مطالعہ کرتے رہتے ہیں۔

رابعہ امان خان نے مزید کہا کہ مطالعے کی عادت معاشرے کو ترقی اور خوشحالی کی بلندیوں تک لے جاتی ہے جبکہ مطالعہ اور پڑھنے سے نابلد افراد قومی معیشت پر بوجھ ہیں۔انہوں نے تجویز پیش کی کہ والدین٬اساتذہ اور محکمہ تعلیم مل کر ایک مثبت اور بڑی تبدیلی لا سکتے ہیں کیونکہ ایک بچہ صرف اس وقت سیکھ سکتا ہے جب وہ پڑھ سکتا ہو۔اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ممبر صوبائی اسمبلی آمنہ سردار نے کہا کہ عام طور پر لوگ مطالعے کے عادی نہیں ہوتے اس لئے صرف مطالعے کے عادی اساتذہ ہی طلباء کو مطالعے کی جانب راغب کر سکتے ہیں۔

انہوں نے والدین٬اساتذہ اور سول سوسائٹی پرزور دیا کہ وہ کتابیں پڑھنے ا ور مطالعے کے رجحان کو فروغ دینے کیلئے مل کر کام کریں کیونکہ ترقی کے اہداف کے حصول کا یہ واحد راستہ ہے۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ الف لیلیٰ بک بس سوسائٹی نے یو ایس ایڈ کے تعاون سے ڈی آئی خان اور بنوں کی50-50 گرلز پرائمری سکولوںمیںکل 100 لائبریریاںقائم کی ہیں۔ہر لائبریری میں850کتابیں رکھی گئی ہیں جبکہ250اساتذہ کو مخصوص تربیت دی گئی ہے تاکہ وہ لائبریری کے استعمال اور استفادے کیلئے طلباء کی رہنمائی کر سکیں۔