وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا تحریک انصاف کے اسلام آباد میں و رکرز کنونشن پر پولیس کے لاٹھی چارج کی مذمت

خواتین پر وحشیانہ تشدد کرنا اور انہیں زدکوب کرنا ہماری روایات کے منافی ہے٬وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک

جمعرات 27 اکتوبر 2016 21:16

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 اکتوبر2016ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے پاکستان تحریک انصاف کے اسلام آباد میں و رکرز کنونشن پر پولیس کے لاٹھی چارج کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔انہوںنے نہتے کارکنوں خصوصاً خواتین کو تشدد کا نشانہ بنانے کے عمل کو انتہائی شرمناک اقدام قر اردیا ہے۔خواتین پر وحشیانہ تشدد کرنا اور انہیں زدکوب کرنا ہماری روایات کے منافی ہے۔

وزیراعلیٰ نے وفاق کے اس طرز عمل کو غیر جمہوری اور غیر آئینی کہا ہے ۔انہوںنے کہاکہ یہ بنیادی انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے جو ظلم موجودہ وفاقی حکمران کر رہے ہیں یہ اپنے سیاسی پیشوا آمروں کی یاد تاز ہ کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ تحریک انصاف بد عنوان حکمرانوں کے اوچھے ہتھکنڈوں سے پیچھے ہٹنے والے نہیں ۔

(جاری ہے)

گرفتاریاں اور لاٹھیاں چلانے والے کرپٹ حکمرانوں کی بد حواسی عیاں ہے حکمرانوں کی مایوسی اتم گہرائی تک پہنچ چکی ہے ۔

پرویز خٹک نے واضح کیا کہ یہ بوسیدہ دیوار گرنے والی ہے۔کرپٹ حکمرانوں کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے نئے پاکستان کی تاریخ رقم کی جارہی ہے۔حکمران جتنا ظلم کرنا چاہیں کر کے دیکھ لیں ۔ کرپشن کے خلاف ہمارے عزم میں خم نہیں آئے گا۔ہم اس اعصابی جنگ کیلئے تیار ہیں اور ہم کرپٹ حکمرانوںکے ظلم کو انجام تک پہنچا کر دم لیں گے ۔