یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں میڈیکل ایجوکیشن پر3روزہ عالمی کانفرنس شروع٬پہلے روز 45ورکشاپس کا انعقاد

جمعرات 27 اکتوبر 2016 21:03

لاہور۔27 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اکتوبر2016ء)یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام میڈیکل ایجوکیشن پر3روزہ عالمی کانفرنس جمعرات کے روز شروع ہوگئی۔ کانفرنس کے پہلے روز16مختلف سرکاری اور پرائیویٹ میڈیکل کالجوں اور یونیورسٹیوں میں45ورکشاپس کا انعقاد کیا گیا۔ ورکشاپ سے نامور ملکی اور غیر ملکی ماہرین صحت نے خطاب کیا۔

تین روزہ کانفرنس کا موضوع"دور حاضر میں میڈیکل پروفیشنلزم کو درپیش چیلنجز"ہے۔ کانفرنس کا انعقاد کونسل فار کولیبوریشن ان میڈیکل ایجوکیشن کے پلیٹ فارم سے کیا جارہا ہے اور اس میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن پاکستان٬ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل٬ کالج آف فزیشن اینڈ سرجنز پاکستان٬ پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن٬ پاکستان میڈیکل ریسرچ کونسل٬ پاکستان سائنس فائونڈیشن اور پاکستان نرسنگ کونسل کا شتراک شامل ہے۔

(جاری ہے)

امریکہ ٬ برطانیہ٬ ملائشیا٬ سری لنکا٬ آسٹریلیا٬ سنگاپور٬ ایران٬ سعودی عرب اور پاکستان سمیت کئی ممالک سے 1500کے قریب غیر ملکی اور ملکی ماہرین صحت اور تعلیم اس کانفرنس میں شرکت کررہے ہیں۔ جمعرات کے روز کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی لاہور میں دو٬ فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی لاہور میں تین٬ علامہ اقبال میڈیکل کالج لاہور میں ایک٬ یونیورسٹی آف لاہور میں چار٬ لاہور میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج لاہور میں چھ٬ فاطمہ جناح میموریل کالج آف میڈیسن اینڈ ڈینٹسٹری میں پانچ٬ ایوسینا میڈیکل کالج لاہور میں چار٬ کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان میں تین٬ سی ایم ایچ لاہور میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج لاہور میں چار٬ سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز لاہور٬ اختر سعید میڈیکل کالج لاہور٬ آمنہ عنایت میڈیکل کالج لاہور٬ ساہیوال میڈیکل کالج ساہیوال٬ راشد لطیف میڈیکل کالج لاہور میں ایک ایک٬ شیخ زید ہسپتال لاہور میں دو جبکہ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور میں پانچ ورکشاپس کا انعقاد کیا گیا۔

کانفرنس کا باقاعدہ افتتاح آج (بروز جمعہ) ہوگا۔ افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد ہوں گے۔