میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز سے تاجر تنظیموں کے نمائندوں کی ملاقات

جمعرات 27 اکتوبر 2016 20:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 اکتوبر2016ء) اسلام آباد کی تمام مارکیٹوں ٬آئی اینڈ ٹی سینٹر ٬ مراکز اور کلاس تھری شاپنگ سینٹرز کی تاجر تنظیموں کے نمائندوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر خالد سعید کی سربراہی میںمیئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز سے ملاقات کی اور متوقع دھرنے کے باعث تاجر وں میں پائی جانے والی تشویش سے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ دھرنے اور احتجاج جہاں معیشت کے لیے نقصان کا باعث ہوتے ہیں وہاں شہریوں کی روزمرہ کی زندگی اور علاج معالجے کی سہولیات کو بھی متاثر کرتے ہیں۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے نمائندوں نے میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے کو بتایا کہ ماضی میں بھی دیئے جانے والے دھرنوں جو طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے وہ تاجر برادری ہی ہے اسلیے تاجر برادری ایسے کسی بھی سیاسی تحریک یا دھرنے کی بھر پور مخالفت کرتی ہے جس سے ملک کی معیشت کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہو۔

(جاری ہے)

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے نمائندوںنے تجویز پیش کی کہ اسلام آباد پاکستان کا خوبصورت ترین شہر ہے اور جلسے جلوسوں سے جہاں انفراسٹرکچر خراب ہوتا ہے وہاں اسکے قدرتی حسن کو بھی نقصان پہنچنے کے علاوہ شہریوں کے معمولات زندگی بھی متاثر ہوتے ہیں اس لیے اسلام آباد میں کسی مخصوص جگہ کا تعین کیا جانا چاہیے جہاں پر اسطرح کی سرگرمیاں کی جائیں تاکہ اسلام آباد کے شہری اپنے آئینی حق کے تحت آزادی سے اپنی روزمرہ کی معمولاتِ زندگی کو چلا سکیں۔

اس موقع پر میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا کہ جلسے جلوس جہاں ترقیاتی کاموں کو متاثر کرتے ہیں وہاں تاجر برادری اور معیشت کے لیے بھی نقصان دے ثابت ہوتے ہیں۔ اگر کوئی یہ کہتا ہے کہ احتجاج کرنا اسکا آئینی حق ہے تو احتجاج کرتے ہوئے اس امر کو یاد رکھنا چاہیے کہ تمام شہریوں بالخصوص تاجر برادری٬ طلباء سمیت دیگر شعبہ ہائے زندگی کے آئینی حقوق بھی متاثر نہ ہوں۔

انہوں نے کہا کہ شہرِ اقتدار کی تعمیر و ترقی کی باگ ڈور منتخب نمائندوں کو سونپے جانے کے بعدتاجر برادری کے مسائل کے حل کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے ہیں جن پر عمل پیرا ہو کر اسلام آباد کو تجارتی سرگرمیوں کا محور بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کسی بھی ملک کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اس لیے اسلام آباد کی تاجر برادری کے لیز سمیت تمام مسائل کے حل کے لیے اسلام آباد بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے قیام کے لیے قواعد و ضوابط بنا کر وزیرِ اعظم پاکستان کی منظوری کے لیے بھیج دیئے گئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے قیام سے شہریوں بالخصوص اسلام آباد کی تاجر برادری کے دیرینہ مسائل کو حل کرنے میں مدد گار ثابت ہو گا۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے باسیوں بالخصوص تاجر برادری کی شمولیت کے بغیر کسی بھی منصوبے کو کامیاب نہیں بنایا جا سکتا اس لیے کمیونٹی پارٹیسپیشن کو فروغ دے کر نہ صرف شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کیا جائے گا بلکہ اسلام آباد کوحقیقی معنوں میں ماڈل شہر بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ تاجر برادری اور سی ڈی اے کے درمیان حائل فاصلوں کو کم کرنے ٬ موئثر رابطے اورمسائل کے حل کے لیے ڈپٹی میئرز کو فوکل پرسن مقرر کر دیا گیا ہے تاکہ اسلام آباد کو تجارتی سرگرمیوں کا محور بنایا جا سکے۔ اس سلسلے میں تاجر برادری کے سی ڈی اے سے متعلقہ مسائل کے حل کے لیے ڈپٹی میئر سید ذیشان نقوی کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے جبکہ یونین کونسل کے چیئرمین سردار مہتاب ان کے معاون ہونگے اسی طرح میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد سے متعلقہ مسائل کے حل کے لیے ڈپٹی میئر رفعت جاوید فوکل پرسن ہونگے جبکہ یو سی چیئرمین راجہ وحیدالحسن انکی معاونت کریں گے جبکہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز اپنی ایک کمیٹی تشکیل دے گی جو اسلام آباد کے تاجروں کے مسائل ان فوکل پرسن کے ذریعہ میئر اسلام آباد اور چیئرمین سی ڈی اے کو آگاہ کرے گی۔

اسلام آباد کی مارکیٹوں سے تجاوزات کے خاتمے کے حوالے سے میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا کہ اس مسئلے کے مستقل حل کے لیے متعلقہ یو سی چیئرمین ٬مارکیٹ کے تاجر نمائندوں اور سی ڈی اے کے انفورسمنٹ افسران پر مشتمل ایک کمیٹی بنائی جائے گی جو باہمی افہام و تفہیم کے ساتھ انکروچمنٹ کے خاتمے کے لیے ایک ڈیڈ لائن دے گی جسکے بعد انکروچمنٹ کرنے کے مرتکب عناصر کے خلاف بھر پور ایکشن لیا جائے گا۔

مارکیٹوں میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے حوالے سے میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا کہ ابتدائی طور پر دو شفٹوں میں مختلف مارکیٹوں میں تعینات کیے جائیں گے جو متعلقہ مارکیٹ کی نمائندہ ایسوسی ایشن کی راہنمائی میں مارکیٹ کی صفائی ستھرائی کا کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مارکیٹوں کی اپ گریڈیشن اور بہتری کے لیے جامع منصوبہ بندی بنائی گئی ہے جس کے تحت تمام مارکیٹوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

قبل ازیں اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے صدر خالد سعید٬ تاجر رہنما اجمل بلوچ سمیت اسلام آباد کی مختلف مارکیٹوں کے نمائندوں نے اسلام آباد کی تاجر برادری کو درپیش مسائل بالخصوص لیز اور بلڈنگ کنٹرول کے حوالے سے متعلقہ مسائل سے آگاہ کیا ۔

متعلقہ عنوان :