اندرون موچی گیٹ ٬ملبے سے ہینڈ گرنیڈ اور بارودی مواد برآمد ہونے پر نامعلوم افراد کیخلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج

تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے مکان ٬مالک کی دکانوں کو سیل کر دیا٬ باریک بینی سے تفتیش کر کے رپورٹ پیش کی جائے ‘ آئی جی پنجاب فرانزک لیبارٹری کی ٹیم ٬خفیہ اداروں کے اہلکاروںکا دوسرے روز بھی پولیس افسران کے ہمراہ جائے وقوعہ کا معائنہ ٬ مزید شواہد اکٹھے کیے

جمعرات 27 اکتوبر 2016 20:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اکتوبر2016ء) لاہور میں اندرون موچی گیٹ میں 4مکانوں کی چھتیں گرنے کے بعد ملبے سے ہینڈ گرنیڈ اور بارودی مواد برآمد ہونے پر نامعلوم افراد کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ٬ فرانزک لیبارٹری کی ٹیم اور خفیہ اداروں کے اہلکاروںکا دوسرے روز بھی پولیس افسران کے ہمراہ جائے وقوعہ کا معائنہ ٬ مزید شواہد اکٹھے کیے ٬تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے مکان اور مالک کی دکانوں کو سیل کر دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل کی رات گئے موچی گیٹ میں حاجی عمران نامی شخص کے مکان کی چھت زور دار ھماکے کے بعد منہدم ہو گئی ٬ دھماکے سے ساتھ ملحقہ مزید تین گھروں کی چھتیں بھی گر گئیں ۔ حادثے میں ایک شخص ہلاک اور 11زخمی ہوئے تھے ۔

(جاری ہے)

ریسکیو آپریشن کے دوران ملبے سے ہینڈ گرنیڈ برآمد ہونے پر پولیس نے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کیا تو ملبے سے 8ہینڈ گرنیڈ اور بارودی مواد بھی برآمد ہوا ۔

جس پر تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے مواد کو فرانزک لیبارٹری بھجوا دیا گیا ۔ واقعے کے دوسرے روز نامعلوم افرادکے خلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ۔ دوسرے روز بھی فرانزک لیبارٹری کی ٹیم اور خفیہ اداروں کے اہلکاروں نے پولیس افسران کے ہمراہ جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور شواہد اکٹھے کیے ۔پولیس کی جانب سے بلڈنگ ایکسپرٹ کی ٹیم کو بھی موقع پر بلوا لیا تاکہ پتہ چلایا جا سکے کہ اگر ہینڈ گرنیڈ پھٹا یا کوئی دھماکہ ہوا ہو گا تو وہ مکان کے کس حصہ میں ہوا ہو گا آیا گراوئڈ فلور یا بالائی منزل میں جس کے بعد اس جگہ کی مزید تلاشی لی جا سکے کہ کہیں وہاں کوئی اور گرنیڈ وغیرہ تو موجود نہیں ۔

آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا نے بھی سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) امین وینس ٬ ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حید ر اشر ف اور ایس ایس پی انو سٹی گیشن حسن مشتا ق سکھیر اکو ہدایت کی ہے کہ باریک بینی سے تفتیش کر کے رپورٹ پیش کی جائے ۔ اعلیٰ پولیس افسران کے مطابق اس معاملے کی بہت غور سے تفتیش کی جارہی ہے اور اسے جلد منظر عام پر لایا جائے گا کہ گرنیڈ کس کے تھے اور یہاں کس کے پاس پڑے تھے ۔

سارا ملبہ ہٹائے جانے کے بعد مزید شواہد مل سکتے ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تفتیش کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے مکان ملک حاجی عمران کی شاہ عالم مارکیٹ میںو اقع تین دکانوں کو سیل کر دیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق شاہ عالم مارکیٹ میں عمران کے تین بیٹوں اعظم ٬ بابر اور افضل کے نام سے ہوزری کی دکانیں واقع ہیں جنہیں سیل کیا گیا ہے اور اہل خانہ کے اثاثوں کی بھی تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں ۔