دھماکہ سے گرنے والے مکانوں کے ملبے سے دستی بم ٬ اسلحہ اور بارودی مواد برآمد ہونے کا معاملہ

تحقیقاتی ٹیموں نے جائے حادثہ سے دوسرے روز بھی شواہد اکٹھے کر کے تفتیش کو مزید تیز کر دیا ‘ مرنے والے افضل کی تدفین کے بعد اہل خانہ سے تحقیقات ہوگی

جمعرات 27 اکتوبر 2016 20:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 اکتوبر2016ء) لاہور کے علاقہ موچی گیٹ میں دھماکہ ٬ گرنے والے مکانوں کے ملبے سے دستی بم ٬ اسلحہ اور بارودی مواد برآمد ہونے کا معاملہ ٬ تحقیقاتی ٹیموں نے جائے حادثہ سے دوسرے روز بھی شواہد اکٹھے کر کے تفتیش کو مزید تیز کر دیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق ریسکیو ٹیموں نے ملبے سے دستی بم٬ گولیاں اور بارودی مواد برآمد ہونے پر تحقیقات کا دائرہ کار بڑھا دیا دوسرے روز بھی سی ٹی ڈی ٬ سپیشل برانچ اور دیگر قانون نافذ کرنے اداروں کے اہلکار جائے حادثہ سے شواہد اکٹھے کرتے رہے۔

تحقیقاتی ٹیموں کے مطابق اب تک ملبے سے بارہ دستی بم ٬ دستی بموں کی پانچ اسمبلیاں٬ پستول اور شارٹ مشین گن کی گولیوں سمیت بارودی مواد بھی برآمد ہو چکا ہے جسے تجزیئے کے لئے فرانزک لیبارٹری بھجوا دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

تحقیقاتی ٹیموں نے تفتیش کا دائرہ بڑھاتے ہوئے مالک مکان کی شاہ عالم مارکیٹ میں ہوزری کی تین دکانیں بھی سیل کر دی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ اور والڈ سٹی اتھارٹی کی معاونت سے ملبہ ہٹانے کا کام بھی جاری ہے دوسری جانب تحقیقاتی ٹیموں نے مالک مکان کے بیٹے کی ہلاکت کے باعث اہل خانہ کے کسی فرد کو گرفتار کیا ہے اور نہ ہی بیانات قلمبند کئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ملبے تلے دب کر مرنے والے افضل کی تدفین کے بعد زخمیوں اور اہل خانہ کے بیانات قلمبند کر کے انہیں شامل تفتیش کیا جائے گاتحقیقاتی ذرائع کیمطابق دستی بم اور بارودی مواد گھر لے جانے والوں کی گرفتاری بھی جلد متوقع ہے۔

متعلقہ عنوان :