انسداد دہشتگردی عدالت ‘جرح کیلئے پیش نہ ہونے پر دو متاثرہ لیڈی ڈاکٹروں کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

جمعرات 27 اکتوبر 2016 19:59

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 اکتوبر2016ء)انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے فیس بک اور انٹرنیٹ کے ذریعے خواتین ڈاکٹروں کو بلیک میل کرنے کے مقدمے کی سماعت پر جرح کے لئے پیش نہ ہونے پر دو متاثرہ لیڈی ڈاکٹروں کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر تے ہوئے سماعت کل ( ہفتہ ) تک ملتوی کر دی ۔جمعرات کے روز انسداد دہشت گردی عدالت کے جج چوہدری اعظم نے کیس کی سماعت شروع کی تو عدالتی حکم کے باوجود دو متاثرہ خواتین ڈاکٹرز جرح کے لئے پیش نہ ہوئیں ۔

(جاری ہے)

جس پر عدالت نے دونوں ڈاکٹروں کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے۔ سماعت کے دوران ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے سیکرٹری ڈاکٹر سلمان کاظمی نے موقف اختیار کیا کہ مقدمے کے گواہوں کے بیانات کی ترتیب متعین کرنا دہشت گردی عدالت کا اختیار نہیں۔استغاثہ کے گواہوں کے بیانات پہلے قلمبند ہونے سے ملزم کو فائدہ پہنچ سکتا ہے اسی لئے متاثرہ ڈاکٹرز جرح کے لئے پیش نہیں ہو رہیں۔انہوں نے عدالت کو آگاہ کیا کہ دہشت گردی عدالت کی جانب سے گواہوں کے بیانات کی ترتیب متعین کرنے کے حکم کو عدالت عالیہ لاہور میں چیلنج کیا گیا ہے۔ جس کے بعد انسداد دہشت گردی نے کیس کی مزید سماعت کل ( ہفتہ ) 29 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔