ہائیکورٹ نے پانچ لاکھ روپے چیک بائونس کے ملزم کی درخواست ضمانت مسترد کر دی ٬ ملزم فرار ہونے میں کامیاب

جمعرات 27 اکتوبر 2016 19:59

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 اکتوبر2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے پانچ لاکھ روپے چیک بائونس کے ملزم کی درخواست ضمانت مسترد کر دی ٬ ملزم احاطہ عدالت سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ۔

(جاری ہے)

جمعرات کے روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس انوارالحق نے کیس کی سماعت شروع کی تو ملزم علی اظہر کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ دیپالپورکے تھانہ سٹی پولیس نے مخالفوں کے ساتھ مل کراس کے خلاف پانچ لاکھ روپے چیک باونس کا جھوٹااور بے بنیاد مقدمہ درج کر لیا۔

مدعی مقدمہ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزم نے کاروباری لین دین کے تحت چیک دئیے جو باونس ہو گئے ۔جس پر عدالت نے ملزم کی درخواست ضمانت مسترد کر دی۔ عدالتی فیصلہ سنتے کے بعد ملزم کمرہ عدالت سے نکلتے ہی فرار ہو گیا تاہم عدالتی سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکار خاموش تماشائی بن کر دیکھتے رہے اور کسی نے ملزم کو روکنے کی کوشش نہ کی ۔