وفاقی دارالحکومت کی مارکیٹوں کے نمائندگان کا اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خالد اقبال ملک کی قیادت میں میئر اسلام آباد٬ چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز سے ملاقات

تاجر برادری کے مسائل حل کرنے کیلئے چیئرمین سی ڈی اے کی طرف سے دو مشترکہ کمیٹیوں کے قیام کا اعلان

جمعرات 27 اکتوبر 2016 19:34

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 اکتوبر2016ء) وفاقی دارالحکومت کی مارکیٹوں کے نمائندگان نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خالد اقبال ملک کی قیادت میں میئر اسلام آباد اور چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز سے ملاقات کی اور ان کو اپنی اپنی مارکیٹوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شیخ انصر عزیز نے کہا کہ اسلام آباد شہر کی ترقی میں تاجر برادری اہم کردار ادا کر رہی ہے لہذا اسلام آباد میٹروپولیٹن کارپوریشن اور سی ڈی اے کا مقصد تاجر وصنعتکاربرادری کو کاروباری سرگرمیوں کے فروغ میں سہولت فراہم کرنا ہے تا کہ مقامی معیشت مزید مضبوط ہو۔

انہوں نے مارکیٹوں کے نمائندگان کے مسائل کو تفصیل سے سنا اور دو مشترکہ کمیٹیاں قائم کرنے کا اعلان کیا جو اجاگر کردہ مسائل کو حل کرنے کیلئے اپنی سفارشات متعلقہ اداروں کو پیش کریں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے کی طرف سے ڈپٹی میئر زیشان نقوی اور سردارمہتاب جبکہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کی طرف سے ڈپٹی میئر چوہدری رفت جاوید اور راجہ وحید بالترتیب مشترکہ کمیٹیوں کے رکن ہوں گے لہذا چیمبر دونوں کمیٹیوں کیلئے اپنے نام تجویز کرے۔

شیخ انصر عزیز نے کہا کہ وہ سی ڈی اے بورڈ میں چیمبر کی نمائندگی کی حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کیلئے ایک بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی قائم کی جا رہی ہے جس کیلئے قانون سازی کا عمل جا ری ہے اورچیمبر کے صدر کو اس اتھارٹی میں نمائندگی دی گئی ہے تاکہ تاجر برادری کے مسائل بہتر طور پر حل ہوں۔ انہوں نے کہا کہ صفائی کے عملہ کو متعلقہ مارکیٹ یونین کے کنٹرول میں دینے کی تجویز زیر غور ہے تا کہ مارکیٹ یونین خود صفائی کے کام کی نگرانی کر سکے۔

انہوں نے کہا کہ اگر کوئی مارکیٹ یونین اپنے وسائل سے مارکیٹ میں کوئی ترقیاتی کام یا فلٹریشن پلانٹ و پبلک باتھ جیسی سہولت فراہم کرنا چاہتی ہے تو سی ڈی اے اس کی اجازت دینے کو تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ کمیٹیوں کی شفارشات کے نتیجے میں تاجر برادری کے مسائل کو مزید بہتر انداز میں حل کرنے کی طرف مثبت پیش رفت ہو گی۔اپنے استقبالیہ خطاب میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خالد اقبال ملک نے کہا کہ شیخ انصر عزیز ایک عوامی لیڈر ہیں اور تاجر برادری کو ان سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کے 95فیصد مسائل سی ڈی اے سے تعلق رکھتے ہیں اور اکثر مارکیٹوں کے مسائل تقریبا مشترکہ ہیں جو طویل عرصے سے حل طلب ہیں لہذا سی ڈی اے بہتر توجہ دے تو ان کو جلد حل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ مسائل کے حل کیلئے چیمبر اور مارکیٹ یونینیں سی ڈی اے اور میٹروپولیٹن کارپوریشن سے بھرپور تعاون کریں گی تا کہ سازگار حالات پیدا ہونے سے کاروباری سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے۔

اس موقع پر مارکیٹوں کے نمائندگان نے چیئرمین سی ڈی اے کو اپنی مارکیٹوں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے نے لیز کی تجدید کا طریقہ کار بہت پیچیدہ بنایا ہوا ہے جس وجہ سے لیزوں کی تجدید نہیں ہو رہی اور محکمہ بھی ریونیو سے محروم ہو رہا ہے لہذا لیز کی تجدید کو آسان بنایا جائے٬ انہوں نے کہا کہ مارکیٹوں میں کافی عرصے سے ترقیاتی کام نہیں ہوئے جس وجہ سے سڑکیں اور فٹ پاتھ ٹوٹے ہوئے ہیں٬ سٹریٹ لائٹس کام نہیں کر رہیں٬ کار پارکنگ ٬ فلٹریشن پلانٹ اور پبلک باتھ رومز کی فوری ضرورت ہے٬ صفائی و سیوریج کا نظام تسلی بخش نہیں ہے٬ بعض علاقوں مین سیوریج کا پانی واٹر سپلائی لائنوں میں شامل ہو رہا ہے جس سے بیماریاں پھیل رہی ہیں٬ تجاوزات کو ختم کرنے اور گرین ایریاز کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے سینئر نائب صدر خالد ملک٬ آئی الیون مارکیٹ کے سیکرٹری جنرل اور چیمبر کے نائب صدر طاہر ایوب٬ مرکزی انجمن تاجران پاکستان کے صدر اجمل بلوچ٬ چیمبر کے سابق صدور میاں اکرم فرید٬ محمد اعجاز عباسی٬ سابق سینئر نائب صدر خالد چوہدری٬ پشاور موڑ مارکیٹ کے صدر حاجی نثار لنگا٬ بلیو ایریا کے صدر ندیم منصور٬ جناح سپر کے صدر قاضی محمد الیاس٬ جی نائن مرکز کے سیکرٹری جنرل راجہ ذوالفقار٬ جی ٹن فور کے صدر چوہدری ظفر گجر٬ میلوڈی فوڈ پارک کے صدر سرفراز حیدر٬ آئی ایٹ مرکز کے جنرل سیکرٹری زاہد قریشی٬ سمال ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے صدر حاجی صلاح الدین اعوان٬ آئی ٹن مرکز کے صدر ڈاکٹر سعید٬ جی ٹن ون کے سیکرٹری جنرل اسلم خان٬ جی ایٹ ون کے صدر چوہدری سعید٬ جی ایٹ مرکز کے حامد کیانی٬ آٹو موبائل ایسوسی ایشن کے صدر مشرف جنجوعہ٬ جی سیون ستارہ مارکیٹ کے الطاف شاہ ٬ گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے بابر چوہدری ٬ جی نائن تھری کے صدر نثار مرزا٬ ای الیون مرکز کے صدر شیخ اویس٬ آبپارہ مارکیٹ کے صدر شفیق عباسی٬ جی ٹن مرکز کے سیکرٹری جنرل سردار عابد اور بارہ کہو مین مری روڈ مارکیٹ کے شاہ انور سمیت دیگر مارکیٹوں کے نمائندگان نے چیئرمین سی ڈی اے کو مسائل سے آگاہ کیا۔

۔

متعلقہ عنوان :