قرآنی تعلیمات اور سیرت نبی سے دوسرے مذاہب کے احترام اور مذہبی آزادی کا سبق ملتا ہے‘خلیل طاہر سندھو

معاشرے میں مثبت سوچ سے انسانیت کی خدمت٬ مذہبی رواداری اور برداشت کے جذبہ کو فروغ دیا جا سکتا ہی-‘سیمینار سے خطاب

جمعرات 27 اکتوبر 2016 19:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اکتوبر2016ء) صوبائی وزیر برائے انسانی حقوق و اقلیتی امور خلیل طاہر سندھو نے کہا ہے کہ دنیا کا ہر مذہب محبت٬ رواداری٬ امن اور اتحاد کا درس دیتا ہے٬ قرآنی تعلیمات اور سیرت نبیﷺ سے بھی دوسرے مذاہب کے احترام اور مذہبی آزادی کاسبق ملتا ہے٬معاشرے میں مثبت اور متوازن سوچ کے فروغ اور قومیت کی تعمیر کے لیے ہمیں انسانیت کی خدمت ٬ باہمی محبت و احترام اور برداشت کے جذبہ کو فروغ دینا ہوگا٬ پاکستانی میڈیا مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے میں انتہائی مثبت کردار ادا کر رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر برائے انسانی حقوق و اقلیتی امور خلیل طاہر سندھ نے آج مذہبی ہم آہنگی اور میڈیا کا کردار کے عنوان سے سیمینار میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ پاکستانی میڈیا خطے کے دوسرے ممالک کے مقابلے میں مذہبی رواداری اور مثبت سوچ کو فروغ دے رہا ہے۔ تمام مسالک اور مذاہب کے صاحب علم لوگوں کو دیگر مذاہب کے درمیان مثبت پہلووں کو فروغ دیناچاہیے۔

قوم سازی کے عمل کو اتحاد اور باہمی یک جہتی کے بغیر پایہ تکمیل تک نہیں پہنچایا جا سکتا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر اسلم ڈوگر نے کہا کہ نوجوان نسل کو معاشرے میں برداشت اور اتحاد کو فروغ دینا چاہیے۔ قرآنی تعلیمات دیگر مذاہب کے احترام کا درس دیتی ہیں۔ سینئر صحافی سلمان غنی نے میڈیا کے مذہبی ہم آہنگی کے حوالے سے مثبت کردار کی تعریف کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دیگر شرکاء نے مذہبی ہم آہنگی کی اہمیت اور مذہبی اقلیتوں سے احساس محرومی اور بیگانگی کے خاتمہ کے لیے مزید اقدامات کرنے پر زور دیا۔ پنڈٹ بھگت لعل نے مذہبی رواداری کے حوالے سے ہندو برادری کے کیے گئے اقداما ت کا ذکر کیا ۔ سیمینار میں سابق ڈی جی پی آر ڈاکٹر اسلم ڈوگر٬ سینئر صحافی سلمان غنی ٬ حسین پراچہ٬ سہیل راجہ٬ پنڈٹ بھگت لعل اور چیئر مین لبرل ہیومین فورم افضال ریحان نے شرکت کی۔ سیمینار کا اہتمام سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ ٬ سپیئرئیر یونیورسٹی اور لبرل ہیومن فورم نے کیا۔