Live Updates

پی ٹی آئی یوتھ ونگ پر پولیس کے دھاوے کی تحریک انصاف کے رہنماؤں و اراکین اسمبلی کااظہار مذمت

حکومت اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی٬ حکومت کے دن گنے جا چکے ٬کوئی شرم ہوتی ہے حیاء ہوتی ہے‘عبدالعلیم خان

جمعرات 27 اکتوبر 2016 19:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اکتوبر2016ء) ) تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے پی ٹی آئی کے کارکنوں پر لاٹھی چارج او ر گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے اور جمہوریت کا لبادہ اوڑھنے والی نواز لیگ بری طرح بے نقاب ہو گئی ہے ٬حکمرانوں کو اپنے گر یبانوں میں جھانک کر سوچنا چاہیے کہ کوئی شرم ہوتی ہے حیاء ہوتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ چار دیواری میں پر امن اجتماع کسی بھی جمہوری معاشرے کا بنیادی حق ہے لیکن حکمرانوں نے بدحواسی کے عالم میں ایسی کاروائیاں کر کے ثبوت دے دیا ہے کہ وہ آمریت کی پیداوار تھے اور آج بھی ان کی ذہنیت کسی طور بھی جمہوری نہیں ۔عبدالعلیم خان نے بالخصوص خواتین کے ساتھ ہونے والے ناروا سلوک اور پکڑ دھکڑ پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے اقدامات ثابت کرتے ہیں کہ اب حکمرانوں کے دن گنے جا چکے ہیں۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی محمد شعیب صدیقی ٬میاں اسلم اقبال ٬مسرت چیمہ ٬شہنیلا روتھ٬پارٹی رہنماؤں جمشید اقبال چیمہ ٬ ظہیرعبا س کھوکھر ٬ اعجاز ڈیال ٬حافظ فرحت عباس ٬ میاں یامین ٹیپو ٬فرخ جاوید مون ٬عبدالکریم کلواڑ ٬خواجہ جمشید امام ٬خالد محمود گجر اور خواتین رہنماؤں نے بھی اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے یوتھ کنونشن پر پولیس کے دھاوے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ گرفتار کارکنوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات