ْ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی عالمی سطح پر مسلسل آگے بڑھ رہی ہے ٬سینیٹر راجہ محمد ظفرالحق

کشمیریوں کی کامیابی تک ہر سطح پر پاکستان کشمیریوں کی پشت پناہی کرتا رہے گا ٬قائد ایوان سینیٹ

جمعرات 27 اکتوبر 2016 19:21

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اکتوبر2016ء) قائد ایوان سینیٹ سینیٹر راجہ محمد ظفرالحق نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی عالمی سطح پر مسلسل آگے بڑھ رہی ہے اور ہر سطح پر پاکستان کشمیریوں کی پشت پناہی کرتا رہے گا حتیٰ کہ وہ کامیابی سے ہمکنار ہو نہ جائیں۔ وہ جمعرات کو یہاں کشمیر انسٹیٹیوٹ آف انٹر نیشنل ریلیشنز کے زیر اہتمام منعقد ہ سیمینار بعنوان’’مقبوضہ کشمیر میںانسانی حقوق کی خلاف ورزیوں ‘‘ سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کر رہے تھے ۔

اپنے خطاب میں راجہ محمد ظفرالحق نے کہا کہ 27 اکتوبر تاریخ کا وہ دن ہے جب بھارت نے کشمیریوں کی آزادی کو سلب کرتے ہوئے غیر قانونی طورپر اپنی افواج کشمیر بھیج کر قبضہ کیا ۔ انہوںنے 27 کہا کہ جس طرح بھارتی افواج نہتے کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہی ہے اس سے بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب ہورہا ہے ۔

(جاری ہے)

عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو تسلیم کیاگیا ہے ۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ اس کو مسلسل اہم فورم پر اٹھایا جائے تاکہ اقوام عالم بھارت کو مجبور کر سکے کہ وہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کر سکے ۔ اور مسئلہ کشمیر کو جس درد اور موثر انداز سے کشمیر ی دنیا میںپیش کرسکتے ہیں کوئی اور نہیںکر سکتا ۔انہوںنے نوجوان نسل سے اپیل کی کہ وہ شوشل میڈیاکے ذریعے مسئلہ کشمیر کی صورتحال موثر انداز میں پیش کریں ۔

راجہ محمد ظفرالحق نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالے سے دو درجن سے زائد اقوام متحدہ میں قرار دادیں پاس ہوئی ہیں اور کسی ایک قرار داد کے خلاف کسی ملک نے کوئی ووٹ نہیں دیا ۔ انہوں نے کہا کہ قرار دادیں ایسی بنیادیں ہیں جن کو نہ کمزور کیا جاسکتاہے اور نہ ہی نظر اندا زکیا جا سکتا ہے ۔ اور بھارت نہتے کشمیریوں کے ساتھ جو سلوک کر رہا ہے وہ کشمیریوں کے خلاف بھارت کی نفرت اور تعصب کا اظہار ہے ۔

بھارت اپنے پائوں پر خود کلہاڑی مار رہا ہے ۔بھارت کے اندر ہی مودی سرکار کی پارٹی کے خلاف لوگ لکھنا شروع ہو گئے ہیں۔ ہمیں اپنی جدوجہد کو تیز اور مزید موثر بنانا ہوگا ۔ اور او آئی سی ممبران ممالک نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر پر بھارت کے مقابلے میں ہماری حمایت کی ہے ۔ اور کشمیر کے نوجوانون نے جس طرح مسئلہ کشمیر کی تحریک کو تیز کیا ہے اور بلا خوف و خطر بھارتی فوجیوں کے سامنے ڈٹے ہوئے ہیں ۔

اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قرار دادوں اور کشمیری عوام کی امنگوںکے مطابق حل ہوگا۔سیمینار سے سینیٹرز شیری رحمان ٬ روبینہ خالد٬ شبلی فرازاور سپیکر آزاد کشمیر اسمبلی شاہ غلام قادر٬ الطاف حسین وانی ٬ سردار امجد یوسف ٬ تجزیہ نگار ارشد محمود٬ پروفیسر ڈاکٹر امجد محمود٬ سابق سیفر اشر ف جہانگیر قاضی نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :