نواز شریف اپنے پائوں پر کلہاڑی مارنے کیلئے مشہور ٬اب بھی اسی راستے پر چل رہے ہیں‘ ناہید خان٬صفدر عباسی

دفعہ 144کانفاذ ٬نہتے کارکنوں خصوصاً خواتین پر لاٹھی چارج قابل مذمت ہے ٬وزیر اعظم فوری مستعفی ہو جائیں

جمعرات 27 اکتوبر 2016 19:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اکتوبر2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی ورکرز نے حکومت کی طرف سے اسلام آباد میںدفعہ 144کے نفاذ اور تحریک انصاف کے نہتے کارکنوں خصوصاً خواتین پر لاٹھی چارج کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمران بوکھلاہٹ میں خود اپنے پائوں پر کلہاڑی مار رہے ہیں٬جمہوریت میں ہر کسی کو پر امن احتجاج کا حق حاصل ہوتاہے اور تحریک انصاف کے دھرنے کی اخلاقی حمایت کرتے ہیں٬وزیر اعظم نواز شریف متنازعہ ہو چکے ہیں انہیں فوری عہدے سے مستعفی ہو جانا چاہیے ۔

ان خیالات کا اظہار سرپرست اعلیٰ و بینظیر بھٹو شہید کی سابق پولیٹیکل سیکرٹری ناہید خان اور صدر ڈاکٹر صفدر عباسی نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا۔ رہنمائوں نے کہا کہ اگر نواز شریف کے ہاتھ صاف ہیں تو ان پر خوف کیوںطاری ہے۔

(جاری ہے)

دفعہ 144کا نفاذ اور یوتھ کنونشن میں شریک نہتے کارکنوں خصوصاً خواتین پر لاٹھی چارج کو جمہوریت نہیں کہا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف اپنے پائوں پر کلہاڑی مارنے کیلئے مشہور ہیں اور وہ اب بھی اسی راستے پر چل رہے ہیں۔

پیپلز پارٹی ورکرز کے رہنمائوں نے مزید کہا کہ حکومت سیاسی مخالفین کیخلاف جس طرح کے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے وہ قابل مذمت ہیں۔ شیخ رشید کوگھرکو خالی کرنے کیلئے نوٹس کا اجراء قابل مذمت ہے ۔ حکومت بتائے کہ اگر انہوںنے غیر قانونی قبضہ کر رکھا ہے تومسلم لیگ (ن) کئی دہائیوں سے حکومت میں ہے کیوں ان سے اس جگہ کو واگزار نہیں کرایا گیا ۔آج وہ حکومت کی پالیسیوں پر تنقید کر رہے ہیں تو حکومت کو قبضہ نظر آ گیا ہے ۔ اگر حکومت نے کوئی غیر قانونی اقدام کیا تو پیپلز پارٹی ورکرز کے کارکن شیخ رشید کی حمایت میں انکے شانہ بشانہ چلیں گے ۔

متعلقہ عنوان :