آرمی چیف کا قومی انسداد دہشت گردی مرکز پبی کا دورہ٬ پاک چین سپیشل فورسز کی مشترکہ مشقوں کا معائنہ

مشترکہ مشقوں سے خطے سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے میں مدد ملے گی٬ چینی افواج کیساتھ خصوصی تعلقات کو مزید استحکام حاصل ہوگا٬ جنرل راحیل شریف انسانیت کے مفاد میں اور عالمی امن کیلئے بین الاقوامی ذمہ داری کے طور پر دنیا کیساتھ اپنے تجربے کا تبادلہ کر رہے ہیں ٬ خطاب

جمعرات 27 اکتوبر 2016 19:20

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اکتوبر2016ء) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی سپیشل فورسز کی مشترکہ مشقوں سے خطے سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے میں مدد ملے گی اور چینی افواج کیساتھ ہمارے خصوصی تعلقات کو مزید استحکام حاصل ہوگا٬ انسانیت کے مفاد میں اور عالمی امن کی ذمہ داری کے طور پر دنیا کیساتھ اپنے تجربے کا تبادلہ کر رہے ہیں ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے جمعرات کو قومی انسداد دہشت گردی مرکز پبی کا دورہ کیا اور پاکستان اورچین کی سپیشل فورسز کی مشترکہ مشقیں یوژی سکس کا معائنہ کیا۔ دو ہفتے جاری رہنے والی مشقوںکے دوران انسداد دہشت گردی کے آپریشنز پر توجہ مرکوز کی گئی اور جنگی میدان کے تجربے کا دونوں ممالک کی افواج کے درمیان تبادلہ ہوا٬ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے مشقوں میں شریک تمام شرکاء کو پیشہ وارانہ معیار اور جنگی مہارت کی اعلی سطح پر مبارکباد پیش کی٬ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی مشقیں چین کی مسلح افواج کیساتھ ہمارے خصوصی تعلقات کو مزید مستحکم کریں گی اور اس سے خطے سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے میں مدد ملے گی٬ انہوں نے کہا کہ ہم انسانیت کے مفاد میں اور عالمی امن کیلئے بین الاقوامی ذمہ داری کے طور پر دنیا کیساتھ اپنے تجربے کا تبادلہ کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

قبل ازیں انسداد دہشت گردی مرکز آمد پر ون کور کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل عمر فاروق درانی اور انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ایوالوایشن لیفٹیننٹ جنرل قمر جاوید باجوہ نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔

متعلقہ عنوان :