Live Updates

شریف برادران ہی پاکستانی سیاست میںہارس ٹریڈنگ٬کرپشن اور کمیشن مافیاکے بانی ہیں‘عبدالعلیم خان

پولیس کے ذریعے پی ٹی آئی کے کارکنوں کو خوفزدہ نہیں کیا جا سکتا ٬2نومبر کو کارکن اسلام آباد پہنچیں گے‘رہنما تحریک انصاف

جمعرات 27 اکتوبر 2016 19:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اکتوبر2016ء) تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ ریکارڈ گواہ ہے کہ شریف برادرا ن ہی پاکستانی سیاست میں ہارس ٹریڈنگ ٬مینڈیٹ پرچیزنگ ٬کرپشن اور کمیشن مافیا سمیت تمام برائیوں کے بانی ہیں چھانگا مانگا اوربریف کیس سمیت پاکستانی سیاست میں نواز لیگ کی قیادت نے کرپشن کے جو نئے نئے طریقے متعارف کرائے ان پر شریف برادران "اعلیٰ ایوارڈ"کے مستحق ہیں ۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ درحقیقت 2نومبر کا تحریک انصاف کا دھرنا حکمرانوں کے اعصابوں پر سوار ہو چکا ہے اسی لیے بد حواسی کے عالم میں ریاستی طاقت اور پولیس کے استعمال کے ذریعے خوف و ہراس پیدا کرنے کی کوششیں شروع کر دی گئی ہیں ۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ میرے اور جہانگیر ترین سمیت تحریک انصاف کے سینکڑوں رہنماؤں اور کارکنوں کے گھروں اور دفاتر میں پولیس کا بھیجا جانا قابل مذمت ہے ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے پی ٹی آئی کے کارکنوں کو خوفزدہ نہیں کیا جا سکتا انشاء اللہ 2نومبر کو 15سے 20لاکھ عوام اسلام آباد جمع ہوں گے جہاں" انصاف الیون" اور" کرپٹ الیون" کے مابین فیصلہ کُن معرکہ ہو گا جس میں جیت پاکستانی عوام کے ہیرو عمران خان اور تحریک انصاف کی ہی ہو گی ۔

(جاری ہے)

عبدالعلیم خان نے کہا کہ نواز لیگ کی حکومت گُلو بٹوں اور پنجاب پولیس کے ذریعے خوف و ہراس کی فضا پیدا کرنے سے باز رہے پی ٹی آئی کے کارکن پر امن تھے ٬ہیں اور رہیں گے لیکن اگر پہلے چھیڑ خانی کی گئی تو حالات کی ذمہ داری حکومت وقت پر ہو گی ۔دریں انثاء عبدالعلیم خان نے 2نومبر کے حوالے سے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں سے صلاح مشورے کیے اور سنٹرل پنجاب کے مختلف اضلاع سے تحریک انصاف کے کارکنوں کی شمولیت کی حکمت عملی پر بات چیت ہوئی ممبر صوبائی اسمبلی محمد شعیب صدیقی تحریک انصاف کے رہنما جمشید اقبال چیمہ ٬شوکت بھٹی ٬ڈاکٹر شہزاد وسیم ٬سہیل ظفر چیمہ ٬فرخ جاوید مون اور میاں یامین ٹیپو بھی اس موقع پر موجود تھے عبدالعلیم خان نی2نومبر کے احتجاج کے حوالے سے پارٹی بینر کی بھی منظوری دی اور دیگر اہم امور کو حتمی شکل دی گئی ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات