سپریم کورٹ٬ بجلی بل کے تنازع پر ایک شخص کو قتل کرنے والے ملزم کی اپیل مسترد

جمعرات 27 اکتوبر 2016 18:23

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اکتوبر2016ء) سپریم کورٹ نے سات سو روپے بجلی بل کے تنازع پر ایک شخص کو قتل کرنے والے ملزم کی اپیل مسترد کر تے ہوئے قراردیاہے کہ معمولی جھگڑے پر قتل کرنے والوں کے ساتھ رعایت کرنے سے جرائم میں اضافہ اورمعاشرے میں ابتری پیدا ہوگی۔ جمعرات کوجسٹس آصف سعید خان کھوسہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل پراسکیوٹر جنرل پنجاب نے پیش ہوکرعدالت کوبتایاکہ ملزم کاجرم ثابت ہوچکا ہے جس نے محض معمولی رقم کے تنازع پرایک شخص کوقتل کیا ہے٬ اسلئے اس کی اپیل مستردکی جائے۔ جسٹس آصف سعید کھوسہ کا کہنا تھا کہ اتنی معمولی بات پر کسی کو قتل کرنا سمجھ سے باہر ہے۔ عدالت نے سزائے موت کے فیصلے کے خلاف اپیل مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کہ معمولی جھگڑے پر قتل کرنے والوں کے ساتھ رعایت کرنے سے جرائم میں اضافہ ہوگا۔

یادرہے کہ راولپنڈی کے شہری غلام عباس نے چندسوروپے بجلی بل کے تنازع پر واجد علی نامی شخص کوقتل کیاتھا جس پرٹرائل کورٹ نے اسے سزائے موت سنائی تھی۔ بعد ازاں ہائیکورٹ نے بھی ٹرائل کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا تھا جس کیخلاف ملزم کے اہلخانہ نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :