شہر کی تبدیلی میں سول سوسائٹیز اپنے تعاون سے اہم کردارادا کرسکتی ہیں ٬ چیئرمین بلدیہ شرقی

جمعرات 27 اکتوبر 2016 18:09

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اکتوبر2016ء)چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور نے سر سید یونیورسٹی کے چانسلر جاوید انور سے میٹنگ کے دوران کہا کہ شہر کی تبدیلی کے لیئے سول سوسائٹیز کا اہم کردار ہے اس کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا ٬اس موقع پر رجسٹرار سر سید یونیورسٹی کموڈور ریٹائرڈ سرفراز ٬ ڈین انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر مخدومی اور بلدیہ شرقی کی جانب سے ایس ای شفیق الرحمن موجود تھے۔

(جاری ہے)

سر سید یونیورسٹی کے چانسلر جاوید انور نے اس موقع پر سر سید یونیورسٹی کی جانب سے بلدیہ شرقی کی خوبصورتی٬ انفرا سٹرکچر کی بہتری اور دیگر امور کے حوالے سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ڈسٹرکٹ ایسٹ میں بالخصوص سر سید یونیورسٹی کے سامنے فلائی اوور کے نیچے اور اطراف بیوٹیفکیشن کے حوالے سے یونیورسٹی کی انتظامیہ بلدیاتی انتظامیہ کے ساتھ مکمل کو آرڈینیشن کرکے اقدامات یقینی بنائی گی جبکہ انفراسٹرکچر کی بہتری کے حوالے سے آرکیٹکچر اوردیگر تیکنیکی معاملات میںبلدیاتی افسران کو معاونت کریں گے ٬ اس موقع پر چیئرمین معید انور نے چانسلر جاوید انور کی تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ڈسٹرکٹ کی ترقی و خوبصورتی کیلئے سر سید یونیورسٹی کی جانب سے یہ اقدام بہت خوش آئند ثابت ہوگا ٬ انہوں نے کہا کہ یہ شہر ہم سب کا ہے اور اس کی ترقی و خوشحالی کیلئے اسی طرح مل جل کر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔