آئی آئی چندریگر روڈیکطرفہ کرنے کا منصوبہ ٬ کمشنر کراچی اعجازا حمد خان کی زیر صدارت اہم اجلاس

ون وے ٹریفک کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت ترین کریک ڈاؤن کا فیصلہ ٬ ٹریفک پولیس اور ڈپٹی کمشنر زکو ہدایت جاری

جمعرات 27 اکتوبر 2016 18:09

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اکتوبر2016ء) کمشنر کراچی اعجاز احمد خان نے وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پرآئی آئی چندریگر روڈیکطرفہ کرنے کے منصوبے کے حوالے سے جمعرات کو اپنے دفتر میں اہم اجلاس کی صدارت کی جس میں تمام متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی ٬ اس موقع پر مختلف ماہرین نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور تجاویز پیش کیں ٬ کمشنر کراچی نے اس موقع پر کہاکہ وزیر اعلی سندھ کی ہدایت کی روشنی میں پاکستان کے معاشی حب آئی آئی چندریگر روڈکی ٹریفک کو یکطرفہ کر نے کی منصوبہ بندی اور لائٹ ٹریفک کیلئے متبادل روڈ سے متعلق جامع اور ٹھوس تجاویز پر مشتمل سفارشات جلد از جلد تیار کرانا ہیں٬ انہوں نے اس موقعہ پر ٹریفک انجینئرنگ بیوروکو ہدایت کی کہ وہ متعلقہ اداروں کی مشاورت سے ایک ہفتے کے اندر قابل عمل تجاویز تیار کریں تا کہ اگلے اجلاس میں ان کو حتمی شکل دے کر وزیر اعلی سندھ کو یہ سفارشات و تجاویز بھجوائی جا سکیں اور آئی آئی چندریگر روڈکو یکطرفہ کر نے کے منصوبے کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے ٬ کمشنر کراچی نے اس موقعے پر شہر میں ون وے ٹریفک کی بڑھتی ہوئی خلاف ورزیوں اور اسکے نتیجے میں معصوم جانوں کے ضیاع پر سخت برہمی اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ز اور ٹریفک پولیس کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ ایسے لوگوں کے خلاف سخت ترین قانونی کاروائی کریں اور اس سلسلے میں کسی بھی دباؤ کو قبول نہ کریں اور بلاامتیاز کاروائی کریں ٬ انہوں نے کہا کہ ون وے ٹریفک کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف آج بروز (جمعہ ) سے کاروائی کا آغاز کیا جائے اور اس سلسلے میں قانون شکنی کے مرتکب افراد پر بھاری جرمانے بھی عائد کئے جائیں ٬ کمشنر کراچی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سخت ترین قانونی کاروائی سے بچنے کیلئے ٹریفک قوانین اور خاص طور پر ون وے ٹریفک کی خلاف ورزی سے اجتناب کریں اور ٹریفک رولز پر عمل درآمد کر کے نا صرف ایک مہذب اور قانون پسند شہری ہونے کا ثبوت دیں بلکہ اپنی اور دوسروں کی جان ومال کی حفاظت کو بھی یقینی بنائیں ٬ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ساؤتھ سلیم راجپوت ٬ اسپیشل سیکریٹری لوکل گورنمنٹ نیاز سومرو ٬ سیکریٹری آر ٹی اے منشاد علی شاہانی ٬میونسپل کمشنر ڈی ایم سی ساؤتھ آفاق سعید ٬ سینئر ڈائریکٹر ٹریفک انجینئرنگ بیورو قاضی عبد القدیر٬ ایس ایس پی ساؤتھ ذیشان صدیقی اور ڈائریکٹر میڈیا مینجمنٹ کمشنر کراچی محمد شبیہ صدیقی کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران بھی شریک تھے ۔

متعلقہ عنوان :