خیبرپختونخوا پولیس اور سکاٹ لینڈ پولیس کے درمیان قانون کی حکمرانی کی بہتری کے سلسلے میں مفاہمتی یاداشت پر دستخط

جمعرات 27 اکتوبر 2016 18:06

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اکتوبر2016ء) خیبرپختونخوا پولیس اور سکاٹ لینڈ پولیس کے درمیان قانون کی حکمرانی کی بہتری اور ادارہ جاتی سرگرمیوں کی ترقی کیلئے باہمی تعاون کے سلسلے میں مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے گئے ۔ یاداشت کے مطابق فریقین پیشہ وارانہ معلومات اور تجربات کا تبادلہ کرنے کے ساتھ ساتھ کمیونٹی پولیسنگ٬ تربیت و ترقی ٬ انسداد دہشت گردی ٬ فرانزک تحقیق اور باہمی دلچسپی کے دیگر اہم اُمور میں ایک دوسرے سے تعاون کریں گے اور ان شعبوں کی استعداد کار میں اضافہ کیلئے ایک ساتھ کام کریں گے۔

ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا صلاح الدین خان اور ڈپٹی چیف کانسٹیبل سکاٹ لینڈ پولیس Iain Livingstone نے سکاٹش پولیس اکیڈمی ٹلیالن میں اس سلسلے میں مفاہمتی یاداشت پر باضابطہ دستخط کئے ۔

(جاری ہے)

سابق انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا فیاض احمد خان طورو ٬ ڈائریکٹر سکاٹ لینڈ پولیس کالج Shaun Mckillop اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

سمجھوتے کے مطابق فریقین پولیس کے شعبوں میں جدید خطو ط پر خدمات کی فراہمی اور ادارہ جاتی ترقی کیلئے تجربات کا تبادلہ کریں گے اور خدمات کے متعلقہ امور میں باہمی تعاون کویقینی بنائیں گے۔ سمجھوتے میں جن اُمور پر اتفاق کیا گیا ان کو عملی جامہ پہنانے کیلئے دونوں فریق اپنا اپنا کو آرڈنیٹر نامزد کریں گے ۔ فریقین نے باہمی تبادلہ خیال میں بھر پور تعاون کا سلسلہ بغیر کسی تعطل کے جاری رکھنے پر اتفاق کیا تاکہ فریقین کے افسران کو ایک ساتھ مل کر کام کرنے میں آسانی ہو سکے۔

فریقین نے مستقبل میں باہمی تعاون کے مزید امکانات پیدا کرنے اور تجربات کے تبادلے کیلئے مزید شعبوں کو اُجاگر کرنے کیلئے روابط کوتیز تر اور نتیجہ خیز بنانے سے بھی اتفاق کیا اور اُمید ظاہر کی کہ سکا ٹ لینڈ پولیس اور خیبرپختونخوا پولیس کے درمیان تعاون کا یہ سفر کامیابی سے جاری رہے گا اور فریقین کے افسران ایک دوسرے کے پیشہ وارانہ تجربات اور معلومات سے بھر پور استفادہ کریں گے۔

متعلقہ عنوان :