وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا اور سکاٹش وزیر اول نکولا سٹرجن کا پولیس ٬ سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون پر اتفاق

دونوں رہنمائوںکا باہمی تعاون کیلئے خاطر خواہ پوٹنشیل کے حامل مزید شعبوں کو اُجاگر کرنے کیلئے فوکل پرسنز کے ذریعے قریبی روابط کو برقرار رکھنے پر بھی اتفاق حکومت نے صوبے میں شفاف حکمرانی کو فروغ دینے کیلئے بے شمار اصلاحات کی ہیں ٬ریکارڈ قانون سازی کی ہے٬وزیراعلیٰ پرویزخٹک کاسکاٹش وزیرسے گفتگو

جمعرات 27 اکتوبر 2016 18:06

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اکتوبر2016ء) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک اور سکاٹش وزیر اول نکولا سٹرجن نے پولیس ٬ سیاحت٬ قابل تجدید توانائی٬ تعلیم اور ثقافت کے شعبوں میں باہمی تعاون پر اتفاق کیا ہے۔ دونوں راہنمائوں نے باہمی تعاون کیلئے خاطر خواہ پوٹنشیل کے حامل مزید شعبوں کو اُجاگر کرنے کیلئے فوکل پرسنز کے ذریعے قریبی روابط کو برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔

سکاٹش پارلیمنٹ ایڈن برگ میں وزیراعلیٰ پرویز خٹک اور سکاٹش وزیر اول نکولاسٹر جن کے درمیان اہم ملاقات میں باہمی تعاون کے شعبوں اور باہمی دلچسپی کے اہم پہلوئوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے وزیر اول کو خیبرپختونخوا حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے سے آگاہ کیا۔ پرویز خٹک نے کہاکہ ان کی حکومت نے صوبے میں شفاف حکمرانی کو فروغ دینے کیلئے بے شمار اصلاحات کی ہیں اور ریکارڈ قانون سازی کی ہے ۔

(جاری ہے)

جدید تقاضوں کو مدنظر رکھ کر صوبائی اداروں کو جدید خطو ط پر استوار کیا ہے اور اب وہ عوامی خواہشات کے مطابق خدمات فراہم کر رہے ہیں۔ اطلاعات تک رسائی ٬ خدمات تک رسائی جیسے اہم قوانین کے ذریعے اداروں کو جدابدہ بنایا گیا ہے۔ پولیس کو انتظامی خودمختاری دے کر سیاسی اثر ورسوخ سے بالکل پاک کردیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کیلئے مقامی حکومتوں کو با اختیار بنایا گیا اور تمام اختیارات حقیقی معنوں میں نچلی سطح تک منتقل کئے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ وہ مقامی حکومتوں کو جمہوریت کی نرسریاں سمجھتے ہیں یہی وجہ ہے کہ انہوں نے ترقیاتی بجٹ کا تیس فیصد مقامی حکومتوں کو دیا ہے۔انہوںنے کہاکہ صوبے کے سیاحت ٬توانائی ٬ ثقافت اور صنعت سمیت دیگر کئی شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ان کی حکومت کے اقدامات کی وجہ سے سرمایہ دار صوبے میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں اور صوبہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔

وزیراول نے صوبائی حکومت کی اصلاحات کو سراہا اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون سے اتفاق کیا۔ انہوںنے سکاٹ لینڈ میں مقیم پاکستانیوں کے اعلیٰ کردار کو بھی سراہا اور اُمید ظاہر کی کہ خیبرپختونخوا حکومت اور سکاٹ لینڈکی حکومت اور ان کے عوام کے درمیان اعتماد کی فضاء برقرار رہے گا اور ایک دوسرے سے تعاون یقینی بنائیں گے۔ دونوں رہنمائوں نے سکاٹ لینڈ پولیس اور خیبرپختونخوا پولیس کے درمیان مفاہمتی یاداشت پر دستخط کو خوش آئند قرار دیا اور کہاکہ اس سے فریقین کو ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کے بہترین مواقع میسر آئیں گے ۔