سہولتوں سے آراستہ رہائشی منصوبوں کی جلدتکمیل حکومت کی ترجیح ہے٬ ڈاکٹر امجد علی معاون خصوصی وزیراعلی کے پی کے

جمعرات 27 اکتوبر 2016 17:45

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اکتوبر2016ء) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے ہائوسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ حکومت صوبے میں مکانات کی قلت کے مسئلہ سے پوری طرح آگاہ ہے اور اس سلسلے میں شروع کئے گئے منصوبوں کو عوام کی توقعات اور مفادات کو سامنے رکھتے ہوئے جلد مکمل کیا جا رہا ہے ۔ یہ بات انہوں نے پشاور ماڈل سیٹی کے مجوزہ منصوبے کی تعمیر سے متعلق سپین خاک نوشہرہ سے تعلق رکھنے والے معززین کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جس نے جمعرات کے روز رکن صوبائی اسمبلی اور پارلیمانی سیکرٹری برائے منصوبہ بندی و ترقیات خلیق الرحمان کی قیادت میں معاون خصوصی سے ملاقات کی اور مذکورہ منصوبے کے حوالے سے درپیش اپنے مسائل سے آگاہ کیا اس موقع پر خیبر پختونخوا ہائوسنگ اتھارٹی کے ڈائریکٹر ٹائون پلاننگ سیف الرحمان عثمانی ٬ کلکٹر زمان خٹک اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر امجد علی نے وفد سے مسائل انتہائی توجہ سے سنتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت ترقیاتی منصوبوںکو عوام کے بہتر مفاد کے عین مطابق بنانے کیلئے متعلقہ لوگوں کی مشاورت اور تجاویز کو ترجیح دے رہی ہے تاکہ تمام تحفظات دور ہوں اور مکمل ہونے والے منصوبے نہ صرف کثیر مقاصد ہوں بلکہ دیر پا بھی ثابت ہوں اور ان کی تعمیر سے پہلے تمام پہلوئوں کا تفصیلی جائزہ لیا جاتاہے۔

معاون خصوصی نے یقین دلایا کہ وہ ہائوسنگ اتھارٹی کے متعلقہ افسران کے ہمراہ پشاور ماڈل سیٹی کے منصوبے کی جگہ کا دورہ کریں گے اور منصوبے کی اراضی کی حدود کا موقع پر جائزہ لیتے ہوئے معززین کی مشاورت کے مطابق منصفانہ تعین کریں گے تاکہ مقامی آبادی کے مسائل بھی حل ہو سکیں ۔انہوں نے کہا کہ تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر عوام کو رہائشی مسئلے درپیش ہیں جن کا حکومت کو احساس ہے اور ان کے حل کے لئے اقدامات جاری ہیں۔

متعلقہ عنوان :