ملاکنڈ ڈویژن کی پائیدار ترقی و خوشحالی اور عوام کے جائز حقوق کی راہ میں کوئی رکائوٹ ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی ٬عنایت اللہ

عوام کے دیرینہ مسائل کے حل ٬ملاکنڈڈویژن کے جنگلات کی رائلٹی و دیگر جائز حقوق کیلئے آخری دم تک لڑینگے ٬ وزیربلدیات خیبرپختونخوا

جمعرات 27 اکتوبر 2016 17:45

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اکتوبر2016ء) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر بلدیات و دیہی ترقی عنایت الله نے کہا ہے کہ ملاکنڈ ڈویژن کی پائیدار ترقی و خوشحالی اور عوام کے جائز حقوق کی راہ میں کوئی رکائوٹ ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی اور عوام کے دیرینہ مسائل کے حل ٬ملاکنڈڈویژن کے جنگلات کی رائلٹی و دیگر جائز حقوق کیلئے آخری دم تک لڑینگے کیونکہ ہمیں اپنے عوام کے مفاد انتہائی عزیز ہیں۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے پشاور میں سوات٬دیر کوہستان ٬شانگلہ٬بٹگرام٬ بحرین٬کالام اور چترال کے ایک نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔وفد جس کی قیادت ممبران صوبائی اسمبلی محمدعلی٬ اعزازلملک افکاری ٬سید گل اور کوہستان اور چترال کے ناظمین کررہے تھے جبکہ صوبائی وزیر خزانہ مظفر سید بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وفد نے صوبائی وزیر کو جنگلات کی رائلٹی کے سلسلے میں تشکیل کی گئی کمیٹی کی اب تک عدم دلچسی اور80% رائلٹی کی فراہمی اور فارسٹ پالیسی کے بارے میں شکایات و مطالبات پیش کرتے ہوئے کہا کہ جنگلات کا تحفظ ہم کررہے ہیں اور اصل مالکان بھی ہم ہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ آئندہ نسلوں اور مختلف قوموں کی بقاء کا مسئلہ ہے لہذا حکومت مسئلے کے حل پر فوری اور بھرپور توجہ دے ۔رکن صوبائی اسمبلی محمد علی نے کہا کہ جنگلات رائلٹی کا مسئلہ حل ہونے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے اور اس مسئلے کو صوبائی اسمبلی کے فلور پر دوبارہ اٹھاکر اپنے عوام کی حمایت ہر فورم پر جاری رکھیں گے۔سینئر وزیر بلدیات نے کہا کہ وہ اس مسئلے کو وزیر اعلی خیبر پختونخوا پرویز خٹک کے نوٹس میں بھی دوبارہ لا کر ان سے ون پوائنٹ ایجنڈے پر بات کریں گے اور اس سلسلے میں تشکیل کی گئی کمیٹی کو فعال بنانے کیلئے بھر پور اقدامات اٹھاکر انشاء الله یہ دیرینہ مسئلہ جلد از جلد حل کریں گے۔

عنایت الله نے کہا کہ انہیں جنگلات کے مالکان کے مسائل کا بخوبی احساس ہے ۔مظفر سید نے بھی جنگلات کے مالکان سے بھی ہمددری کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملاکنڈ ڈویژن اور سوات کے غیور عوام نے ماضی میں امن و امان کی بحالی اور دہشتگردی کے خاتمے میں تاریخی کردار ادا کرتے ہوئے جان و مال کی قربانیاں دی ہیںجنہیں کبھی بھی فراموش نہیں کیا جاسکے گا اور وہ جنگلات مالکان کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھیں گے۔

متعلقہ عنوان :