وفاقی حکومت سی پیک سے متعلق چھوٹے صوبوں کی احساس محرومی کو ختم کرے٬ سکندر شیرپائو

خیبر پختونخوا دہشتگردی میں سب سے زیادہ متاثر ہوا ٬سی پیک میں زیادہ سے زیادہ حصہ ملنا چاہئے ٬تقریب سے خطاب

جمعرات 27 اکتوبر 2016 17:45

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اکتوبر2016ء) خیبر پختونخوا کے سینئر صوبائی وزیر آبپاشی سکندر حیات خان شیرپائو نے مطالبہ کیا ہے کہ وفاقی حکومت ملک میں سی پیک سے متعلق پائی جانے والی بے چینی و اضطراب کی کیفیت اور چھوٹے صوبوں کی احساس محرومی کو دور کرنے کیلئے اقدامات کرے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے فرنٹیئر لاء کالج پشاور میں سی پیک کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب سے فرنٹیئر لاء کالج کے پرنسپل اختر علی خان ایڈوکیٹ نے بھی خطاب کیا جبکہ طلباء نے سی پیک سے متعلق مختلف سوالات اٹھائیں۔ سینئر وزیر سکندر حیات خان شیرپائو نے کہا کہ کہ وفاقی حکومت صرف ایک صوبے کو ترقی دینا چاہتا ہے اس لئے انہیں چاہئے کہ چھوٹے صوبوں کو برابری کی بنیاد پر سی پیک منصوبے میں شامل کرکے حصہ دیا جائے تاکہ ان کی احساس محرومی ختم ہو سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا دہشتگردی میں سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے ان کو سی پیک میں زیادہ سے زیادہ حصہ ملنا چاہئے ۔ان کا کہنا تھا کہ سی پیک کیلئے بنائی گئی کمیٹی میں چھوٹے صوبوں کو بھی نمائندگی دی جائے تاکہ ہر صوبہ اپنے اپنے صوبے کا صحیح معنوں میں کیس پیش کرے۔انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک کے بلائے گئے آل پارٹی کانفرنس میںوفاقی حکومت نے خیبر پختونخوا کے حکومت کو یقین دہانی بھی کرائی تھی کہ سب سے پہلے مغربی روٹ پر تعمیراتی کام شروع کیا جائے گا تاہم حقیقت میں کچھ بھی نظر نہیں آ رہا ۔

سینئر وزیر نے کہا کہ وفاقی حکومت چھوٹے صوبوں کی ترقی پر کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے یہی وجہ ہے کہ ان کی محرومیوں میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے۔انہوں نے سی پیک کو ملک اور چھوٹے صوبوں کی ترقی کیلئے گیم چینجر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ہماری معاشی ترقی کی امیدیں وابستہ ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت خیبر پختونخوا کو اپنا جائز حق نہیں دے رہا جس کی وجہ سے یہ صوبہ پسماندہ اور بے شمار مسائل و مشکلات سے دوچار ہے۔انہوں نے چین کے حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ 46 بلین روپے کی خطیر لاگت سے شروع کردہ سی پیک منصوبہ کی بدولت دونوں ممالک ترقی کے نئے دور میں شامل ہونگے۔انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک میں فاٹا کو بھی شامل کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :