بھارت کی سرحد پر بلا اشتعال فائرنگ جنگ بندی کی کھلی خلاف ورزی ہے٬نوازشریف

ہماری امن کی خواہش کو کمزور نہ سمجھا جائے ٬ اب خلاف ورزی پر منہ توڑ جواب دیا جائیگا پاکستان خطے میں قیام امن کیلئے کوشاں مگر بھارت اسے کو تہہ وبالا کرنے پر تلا ہے ٬ ہم تمام تنازعات کو مذاکرات سے حل کرنے پر یقین رکھتے ہیں٬وزیراعظم کا بیان

جمعرات 27 اکتوبر 2016 16:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 اکتوبر2016ء) وزیراعظم نوازشریف نے ورکنگ بائونڈر پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری امن کی خواہش کو کمزور نہ سمجھا جائے ٬بھارت کی جانب سے سرحدی خلاف ورزیاں جاری رہیں تو منہ توڑ جواب دیا جائیگا ٬پاکستان خطے میں قیام امن کیلئے کوشاں ہے مگر بھارت امن کو تہہ وبالا کرنے پر تلا ہے ٬پاکستانتمام تنازعات کے مذاکرات سے حل پر یقین رکھتا ہے۔

اپنے ایک بیان میں وزیراعظم نے کہاکہ بھارت کی سیالکوٹ ورکنگ بائونڈری پر بلااشتعال فائرنگ سے ہماری متعدد قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اور 9شہری ہوئے جو جنگ بندی معاہدے کی کھلی خلاف ورزی ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان خطے میں امن کے لئے کوشاں ہے امن کوششوں کا بھارت کی جانب سے موثرجواب نہ دینا افسوسناک ہے بلکہ بھارت امن کی کوششوں کو تباہ کرنے پر تلا ہے ہم نے ہر ممکن حد تک تحمل کا مظاہرہ کیا٬لہذا ہماری امن کی خواہش کو کمزور ی نہ سمجھا جائے ٬ آئندہ بھارتی افواج کی جانب سے کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

قبل ازیں مقبوضہ اور آزاد کشمیر میں بھارت کے خلاف یوم سیاہ منائے جانے کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ کشمیری عوام پر بھارتی مظالم انتہائی قابل مذمت اور انسانی اقدار کے منافی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان برہان وانی کے ماورائے عدالت قتل کے تناظر میں بھارتی فوج کے مظالم میں اضافہ ہو گیا ہے۔ نواز شریف نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا جاری سلسلہ کوئی نئی بات نہیں ٬ یہ گزشتہ اڑسٹھ سال سے مقبوضہ وادی میں ریاستی مظالم ٬ قتل وغارت اور نسل کشی کی ایک واضح جھلک ہے۔

نواز شریف نے کہا ٬ وقت آ گیا ہے کہ بھارت نوشتہ دیوار پڑھ لے اور دیرینہ تنازعہ جموں وکشمیر کے خوش اسلوبی سے تصفیے کیلئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی زیرالتوا قراردادوں پر عملدرآمد کرے۔ کشمیری عوام کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے نواز شریف نے جموں وکشمیر کے عوام کے منصفانہ نصب العین کے لئے پاکستان کی غیرمتزلزل اخلاقی ٬ سفارتی اور سیاسی حمایت کا اعادہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کو حق خودارادیت ملنے تک ہم ان کی حمایت جاری رکھیں گے۔نوازشریف کا کہنا تھا کہ 27 اکتوبرکو مقبوضہ کشمیر میں انسانی تاریخ کا سیاہ باب رقم کیا گیا اور 1947 میں بھارتی فوج نے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے وادی میں اپنی فوج اتار دی گزشتہ 69 سالوں سے کشمیری عوام پر مظالم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں اور وادی میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں۔

متعلقہ عنوان :