دنیا کا کوئی پہاڑ اور سمندر ہمارا راستہ نہیں روک سکتا٬ شہباز شریف

باہر نہیں بلکہ ملک کے اندر پاکستان کو بند کرنے کے منصوبے بنتے ہیں ٬اسلام آباد بند ہونے سے مودی سب سے زیادہ خوش ہوگا٬وزیراعلی کا خوشحال پاکستان سیمینار سے خطاب

جمعرات 27 اکتوبر 2016 16:54

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 اکتوبر2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو بند کرنے کروانے کے ناپاک منصوبے سے نریندر مودی خوش ہوگا اور کہے گا کہ گھر کو آگ لگ گئی٬ گھر کے چراغ سے ‘ لیکن میں یقین دلاتا ہوں کہ دنیا کا کوئی پہاڑ اور کوئی سمندر ہمارا راستہ نہیں روک سکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور چیمبر آف کامرس کے زیر اہتمام منعقدہ خوشحال پاکستان سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

جس میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر سمیت اپٹما کے صدر اور تاجروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ مودی سے زیادہ کسی کو خوشی نہیں ہوگی کہ پاکستان کے اندر پاکستان کو بند کرنے کے منصوبے بنتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم پاکستان کے لئے ایک سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہے۔

(جاری ہے)

شہبازشریف نے کہا کہ پی ٹی آئی کے وکیل نے کرپشن کرپشن کا زور مچارکھا ہے لیکن میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ اگر میں نے ایک دھیلے کی کرپشن کی ہو اور وہ ثابت ہوجائے تو آپ کا ہاتھ اور میرا گریبان ہوگا۔

انہوںنے کہا کہ ہمیں پاکستان کو قائداعظم اور علامہ اقبال کا پاکستان بنانا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ماضی میں سی پیک معاہدہ کرنے والوں نے ملتوی کرکوایا تھا جو پیسے دھرنے پر خرچ کرنے ہیں میرا ان کو مشورہ ہے کہ وہ یہ پسے کینسر ہسپتال کو دے دیں۔ انہوںنے کہا کہ سی پیک کے خلاف جو لوگ دھرنادینا چاہتے ہیں وہ پاکستان کے بیس کروڑ عوام کا قتل کرنا چاہتے ہیں۔ عدالت نے اورنج لائن ٹرین منصوبے کے حوالے سے لاہور کے 11تاریخی مقامات پر حکم امتناعی جاری کیا ہے لیکن یہ حکم امتناعی کرپشن کے حوالے سے نہیں جاری کیا گیا۔ انہوںنے کہا کہ اورنج لائن ٹرین منصوبے پاکستان کی قسمت بدل دے گا۔ انہوںنے اس موقع پر لوڈشیڈنگ کے اندھیرے جلد ختم کیے جانے کی بھی یقین دہانی کروائی۔(اے ملک)