عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے٬ شہر کو کسی صورت بند نہیں ہونے دیں گے٬ وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کی اسلام آباد کی تاجر برادری کو یقین دہانی

دھرنے کے پیغام سے کاروباری سرگرمیوں پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں٬ اسلام آباد چیمبر آف کامرس

جمعرات 27 اکتوبر 2016 16:52

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اکتوبر2016ء) وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی تاجر برادری کو یقین دلایا ہے کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے٬ شہر کو کسی صورت بند نہیں ہونے دیں گے جبکہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے صدر خالد اقبال ملک نے کہا کہ دھرنے کے پیغام سے کاروباری سرگرمیوں پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں٬ دیگر شہروں کے تاجروں نے اس وجہ سے اسلام آباد سے کاروبار بند کر دیا ہے٬ اس سے اربوں روپے کا نقصان ہو گا۔

جمعرات کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے صدر خالد اقبال ملک نے وزیر مملکت کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری سے ملاقات میں یہ بات کہی۔ ملاقات میں پی ٹی آئی کی طرف سے اسلام آباد کو بند کرنے کے اعلان سے پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اسلام آباد چیمبر کے صدر نے وزیر مملکت ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کو بتایا کہ اسلام آباد کی تاجر برادری میں دھرنے کے حوالہ سے شدید تحفظات پائے جاتے ہیں٬ دھرنے کی کال سے کاروباری عمل پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں٬ پی ٹی آئی کی کال کی وجہ سے دیگر شہروں کے کاروباری حضرات نے اسلام آباد کے تاجروں سے کاروبار روک دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انتھک کوششوں کے بعد ملک کی اقتصادی صورتحال میں استحکام آیا تھا٬ اگر تجارتی سرگرمیاں روکی گئیں تو ہم 10 سال پچھلے چلے جائیں گے۔ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے اسلام آباد چیمبر کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہر کو کسی صورت بند نہیں ہونے دیں گے٬ عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری حضرات غیر سیاسی لوگ ہیں٬ سیاست کی وجہ سے ان کا کاروبار متاثر نہیں ہونا چاہئے۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ اسلام آباد کے تاجر برادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔

متعلقہ عنوان :