پاکستان میں تخریبی سرگرمیوں کیلئے افغانستان کی سرزمین استعمال ہونے کے واضح ثبوت موجود ہیں٬ترجمان دفتر خارجہ

جمعرات 27 اکتوبر 2016 16:31

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اکتوبر2016ء) دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان میں تخریبی سرگرمیوں کیلئے افغانستان کی سرزمین استعمال ہونے کے واضح ثبوت موجود ہیں۔جمعرات کو یہاں کشمیرکے حوالے سے یوم سیاہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کے موقع پر کوئٹہ دہشت گرد حملے میں غیر ملکی ہاتھ سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ پاکستان میں تخریبی سرگرمیوں کیلئے افغانستان کی سرزمین استعمال ہو رہی ہے اس سلسلے میں ہمارے پاس واضح ثبوت موجود ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں گرفتار بھارتی راء ایجنٹ کلبھوشن یادیو کے پاکستان میں تخریبی سرگرمیوں کے اعترافی بیانات موجود ہیں۔کل بھوش تک قونصلر رسائی کے بارے سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے مابین 2008میں ایک معاہدہ ہو اتھا جس میں قونصلر رسائی کے تمام شرائط موجود ہیں۔قونصلر رسائی کا فیصلہ صورتحال کاجائزہ لینے کے بعد کیا جائیگا۔ترجمان نے کہا کہ بھارتی راء ایجنٹ کے کیس سے متعلق تحقیات جاری ہیں اور ڈوزیئرز مناسب وقت پر عالمی برادری کے سامنے پیش کیا جا ئے گا۔