ملک میں ادویات کی قیمتوں میں 2.8 فیصد کا اضافہ کردیا گیا

جمعرات 27 اکتوبر 2016 16:23

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اکتوبر2016ء)ملک میں ادویات کی قیمتوں میں 2.8 فیصد کا اضافہ کردیا گیا ہے۔ ہیپاٹائٹس٬ شوگر٬ کینسر٬ دل اور جگر کے عارضے میں مبتلا غریب اور بیمار مریض اب سستی دوا سے بھی محروم ہوگئے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق شوگر٬ کینسر٬ دل جگر اور ہیپاٹائٹس سمیت شیڈول ادویات کی قیمت میں 1.4 فیصد٬ ملٹی وٹامن٬ درد اور مرگی جیسی نان شیڈول ادویات کی قیمتیں 2 فیصد٬ جبکہ کم قیمتوں والی ادویات کو 2.8 فیصد مہنگا کردیا گیا ہے۔

ٹیبلیٹ ٬ کیپسول ٬ سیرپ اور سسپشن کی قیمتیں 3٬3 روپے٬ جبکہ ٹیکے کی قیمت 15 روپے بڑھا دی گئی ہے۔ کان ٬ ناک ٬ اور آنکھوں کے ڈراپس بھی 4 روپے مہنگے کردیئے گئے٬ جبکہ ساشے والی ادویات اب مزید 6 روپے مہنگی ملے گی۔ماہرین کے مطابق چارہزار ارب سے زائد ملکی بجٹ میں محکمہ صحت کیلئے پہلے ہی صرف 20ارب روپے رکھے گئے ہیں ایسے میں دوائیاں مہنگی کرنے کا اقدام غریب عوام کو مزید بیمار کرنے کے مترادف ہوگا۔