حکومت پنجاب کی جانب سے صوبہ میں مختلف ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد تیزی سے جاری و ساری ہے‘افتخار علی سہو

صوبہ میں جاری تمام ترقیاتی منصوبوں و سکیموں کی مانیٹرنگ کیلئے باقاعدہ مضبوط مسلسل نظام کو موثر انداز کے ساتھ چلایا جا رہا ہے

جمعرات 27 اکتوبر 2016 16:22

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اکتوبر2016ء) صوبائی سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ پنجاب افتخار علی سہو نے کہا ہے کہ محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ صوبہ پنجاب میں ترقی کی حکمت عملی ’’جو کہ عوامی ضروریات و خواہشات کو پورا کرتی ہے ‘‘پر عملدر آمد کیلئے مصروف عمل ہے٬ حکومت پنجاب کی جانب سے صوبہ میں مختلف ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد تیزی سے جاری و ساری ہے٬صوبہ پنجاب میں معیشت کے فروغ کے ضمن میں پرائیویٹ سیکٹر سے تعلیم یافتہ ماہرین کی خدمات اور ان کے پیشہ وارانہ تجربات سے استفادہ حاصل کرنے کیلئے انہیں محکمہ پی اینڈ ڈی میں شامل کیا گیا ہے٬ صوبہ میں جاری تمام ترقیاتی منصوبوں و سکیموں کی مانیٹرنگ کیلئے باقاعدہ مضبوط مسلسل نظام کو موثر انداز کے ساتھ چلایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز محکمہ پی اینڈ ڈی میں پوسٹ انڈکشن کورس برائے پراونشل مینجمنٹ سروس کے تربیتی افسران کے دورے کے دوران بریفنگ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تربیتی افسران کے وفد کی قیادت مینجمنٹ پروفیشنل ڈویلپمنٹ پنجاب کے کوآرڈینیٹر و انسٹرکٹر مبشر علی نے کی جبکہ ایڈیشنل سیکرٹری پی اینڈ ڈی ڈاکٹر شاہد عادل سمیت سینئر سیکٹر چیفس و چیفس پی اینڈ ڈی نے بریفنگ سیشن میں شریک ہوئے۔

بریفنگ سیشن کے دوران پی ایم ایس تربیتی افسران سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری پی اینڈ ڈی نے کہا کہ پنجاب کی ترقی کی حکمت عملی صوبے میں بسنے والے نچلی سطح کی آبادی کیلئے سیفٹی نیٹ ثابت ہوگی۔ انہوں نے افسران کو ان کی ذمہ داریوں اور فرائض پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ سرکاری ملازم کو اب پروفیشنل کی حیثیت کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔ سرکاری ملازمین سے عوامی توقعات دن بہ دن تیزی کے ساتھ بڑھ رہی ہیںاور ہمیں پہلی ترجیحات کی بنیاد پر ان کے مسائل اور پریشانیوں کا ازالہ کرنا ہوگا۔

مذکورہ بریفنگ سیشن میں سینئر چیف کوآرڈینیشن پی اینڈ ڈی جاوید لطیف نے پی اینڈ ڈی کے ڈیپارٹمنٹل سٹرکچر٬ کردار اور ذمہ داریوں کے بارے آگاہی دیتے ہوئے کہا کہ صوبہ پنجاب میں ترقیاتی سکیموں کی منظوری کیلئے سب سے بڑا ڈویلپمنٹ فورم پراونشل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (پی ڈی ڈبلیو پی) کام کا رہا ہے۔ مالی سال 2016-17 کے سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADP) کا کل حجم 550 بلین روپے رکھا گیا ہے جس میں سے 265 بلین روپے جاری ترقیاتی سکیموں٬ 206 بلین روپے نئی ترقیاتی سکیموں اور 79 بلین روپے دیگر ترقیاتی پروگرامز کیلئے مختص کئے گئے ہیں۔ حکومت پنجاب نے رواں مالی سال میں 72,823 بلین روپے ایجوکیشن سیکٹر٬ 43,836 بلین روپے ہیلتھ سیکٹر اور ایگریکلچر سیکٹر کیلئے 20,000 بلین روپے رکھے ہیں۔

متعلقہ عنوان :