پاکستان بند کرنے کی باتیں مودی اور ملک دشمنوں کو خوش کرنے کیلئے کی جا رہی ہیں ‘ پرویز ملک

بوکھلائے ہوئے عمران کو اب لیگی قیادت پر لگائے گئے الزامات پر ثبوت پیش کرنا ہونگے جو وہ نہیں کرسکیں گے‘ رکن اسمبلی

جمعرات 27 اکتوبر 2016 16:22

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اکتوبر2016ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) لاہور کے صدر و رکن قومی اسمبلی محمد پرویز ملک نے کہا ہے کہ پاکستان بند کرنے کی باتیں کرنے والے بھاتی وزیر اعظم مودی اور ملک دشمنوں کو خوش کرنے کے لئے کی جا رہی ہیں ٬ احتجاج سب کا آئینی اور جمہوری حق ہے لیکن دنیا کے کسی فلاسفر نے ریاست بند کرنے کو جمہوری نہیں کہا٬ نام نہاد سیاستدان کس آئینی حق کی بات کررہے ہیں٬اب عمران خان کو بھاگنے نہیں دیا جائے گا٬ لیگی قیادت پر لگائے گئے الزامات پر اب انہیں عدالتوں میں ثبوت پیش کرنے ہونگے جو کہ وہ نہیں کرسکیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز اسلام آباد سے لاہور واپسی پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ عمران خان اپنی مسلسل ناکامیوں پر بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکے ہیں٬ مشکل وقت میں مشکل فیصلے کئے بغیر ہم آگے نہیں بڑھ سکتے ٬ان مشکل فیصلوں کی کی بدولت ہی ملک ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انتخابات میں کامیابی دھرنوں٬ ریلیوں یا انتشار اور منفی سیاست سے نہیں بلکہ کارکردگی اور عوام کی خدمت سے ملتی ہے ٬پاکستانی عوام کے بعد اب کشمیری عوام نے بھی مخالفین کی انتشار کی سیاست کو مسترد کردیا ہے ٬ وزیر اعظم میاں نواز شریف کی قیادت میںملکی ترقی کی وجہ سے ملکی سالمیت کے مخالفین اور اپوزیشن کی راتوں کی نیند ختم ہوچکی ٬ وہ جانتے ہیں کہ 2018ء کے انتخابات میں بھی ان کا کوئی کردار نظر نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہم کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں٬ اور ان پر ہونے والے بھارتی ظلم و ستم کو دنیا بھر میں اجاگر کریں گے٬اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو بند کرانے اور کشمیر کو استصواب رائے کا حق دلایا جائے۔