سیاستدان ذمہ داری کا مظاہرہ کریں ٬ تاجر برادری نے انتشار پھیلانے اور دھرنا جیسے اقدامات کو مسترد کر دیا

موجودہ حالات میں ملک سیاسی انتشار یا دھرنوں کا متحمل نہیں ہوسکتا٬ معاشی بحالی کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے کا حق کسی کو نہیں٬ملک تب تک ترقی و خوشحالی کا سفر طے نہیں کرسکتا جب تک ملک میں امن نہ ہو‘ لاہور چیمبر کے زیر اہتمام سمینار ’’پرامن پاکستان خوشحال پاکستان‘‘ سے خطاب ملک میں بدقسمتی سے کچھ سیاسی عناصر انتشار پھیلانے کی کوشش کررہے ہیںجو دشمنوں کے ایجنڈا کی تکمیل کے مترادف ہے‘شہباز شریف

جمعرات 27 اکتوبر 2016 16:22

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اکتوبر2016ء) لاہور چیمبر کے زیراہتمام سیمینار ’’پرامن پاکستان خوشحال پاکستان‘‘ میں تاجر برادری نے انتشار پھیلانے اور دھرنا جیسے اقدامات کو مسترد کرتے ہوئے سیاستدانوں پر زور دیا ہے کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں کیونکہ ملک تب تک ترقی و خوشحالی کا سفر طے نہیں کرسکتا جب تک ملک میں امن نہ ہو۔

وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سیمینار کے مہمانِ خصوصی تھے جبکہ لاہور چیمبر کے صدر عبدالباسط٬ نائب صدر ناصر محمد حمید خان ٬ سابق صدور افتخار علی ملک٬ انجمن تاجران پاکستان کے صدر خالد پرویز٬ جنرل سیکریٹری نعیم میر٬ اشرف بھٹی٬ صدر انجمن تاجران راولپنڈی اجمل بلوچ اور چیئرمین آپٹما فیاض نے سیمینار سے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

لاہور چیمبر کے سابق صدور بشیر اے بخش٬ میاں مصباح الرحمن٬ محمد علی میاں٬ عرفان قیصر شیخ٬ فاروق افتخار٬ انجینئر سہیل لاشاری٬ سابق سینئر نائب صدور ملک طاہر جاوید٬ عرفان اقبال شیخ٬ سابق نائب صدر ناصر سعید٬ ایگزیکٹو کمیٹی اراکین اور پنجاب بھر سے آئے ہوئے چار سو سے زائد تاجر موجود تھے۔

وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا کہ ترقی و خوشحالی کے لیے امن سے زیادہ ضروری اور کوئی چیز نہیں ہے لیکن بدقسمتی سے کچھ سیاسی عناصر انتشار پھیلانے کی کوشش کررہے ہیںجو دشمنوں کے ایجنڈا کی تکمیل کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اکنامک کاریڈور کے لیے معاہدہ 2014ء میں ہونا تھا لیکن اسلام آباد میں دھرنا کی وجہ سے چین کے صدر دورہ منسوخ کردیا٬ اگر یہ معاہدہ اس وقت ہوجاتا تو آج بہت سے پراجیکٹس تکمیل کے مراحل میں ہوتے۔

انہوں نے کہا کہ انتشار اور دھرنا کی سیاست کرنے والے ملک کی معاشی تباہی اور چین پاکستان اکنامک کاریڈور کو ناکام بنانا چاہتے ہیں۔ نہوں نے کہا کہ ماضی کی نسبت آج معیشت بہت بہتر ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر عبدالباسط نے کہا کہ معاشی ترقی کے لیے امن کی اہمیت سے کوئی انکار نہیں کرسکتا۔ دنیا کے کسی بھی خطے میں امن و امان کی صورتحال خراب ہوتی ہے تو معاشی نشوونما٬ کاروباری ماحول اور سرمایہ کاری پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں ملک سیاسی انتشار یا دھرنوں کا متحمل نہیں ہوسکتا٬ معاشی بحالی کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے کا حق کسی کو نہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2013ء کے بعد سے معاشی صورتحال مسلسل بہتر ہورہی ہے٬ سرمایہ کاری٬ زرمبادلہ کے ذخائر اور غربت کے خاتمے کے حوالے سے حالات مسلسل بہتر ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اکنامک کاریڈور نے دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کو پاکستان کی طرف متوجہ کیا ہے٬ اسے ناکام بنانے کی اجازت کسی کو نہیں دی جاسکتی۔

لاہور چیمبر کے نائب صدر محمد ناصر حمید خان نے سیمینار میں شرکت پر کاروباری برادری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے وسیع تر معاشی مفاد میں لاہور چیمبر ایسی کاوشیں جاری رکھے گا۔ تمام شعبہ ہائے زندگی سب سے پہلے ملک کے مفادات کو مدنظر رکھیں۔ آپٹما کے مرکزی چیئرمین عامر فیاض نے امن اور ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے غیرملکی سرمایہ کار اور خریدار پاکستان میں آنے سے گریزاں ہیں٬ سڑکوں پر احتجاج کرنے کے بجائے مسائل پارلیمنٹ کے ذریعے حل کیے جائیں تو بہتر ہوگا۔

نعیم میر اور خالد پرویز نے کہا کہ دھرنے اور آئے روز احتجاج تاجر برادری اور لاکھوں مزدوروں کا معاشی قتل کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دھرنا مافیا ملک کو تباہ کرکے دشمنوں کے عزائم کی تکمیل کررہا ہے مگر تاجر برادری آہنی دیوار بن کر ان سازشوں کو ناکام کرے گی۔ اس موقع پر ایک قرار داد بھی پیش کی گئی جس میں کہا گیا کہ تاجر محب وطن ہیں اور ملک کی سالمیت کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے٬ تاجر سب سے پہلے ملک کے مفادات کا نعرہ بلند کرتے ہیں٬ ملک کی معاشی ترقی و خوشحالی کے لیے حکومت کی کوششوں کو آگے بڑھائیں گے٬ قیام امن کے لیے حکومت سے بھرپور تعاون کریں گے اور یہ کہ تاجر انتشار٬ صنعت و تجارت اور سرمایہ کاری کو نقصان پہنچانے والے اقدامات کی سختی سے مذمت کرتے ہیں۔

اختتام پر ڈاکٹر حافظ ظفر نے چین پاکستان اکنامک کاریڈور کے متعلق تفصیلی پریزنٹیشن پیش کی۔

متعلقہ عنوان :